سعودیہ، پاکستان اور ترکیہ کے اتحاد کا باضابطہ نام ’’مکہ دفاعی اتحاد‘‘ رکھ دیا گیا

استنبول (قدرت روزنامہ) سعودیہ، پاکستان اور ترکیہ کے اتحاد کا باضابطہ نام ’’مکہ دفاعی اتحاد‘‘ رکھ دیا گیا ہے، اجلاس میں اہم فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان کو سیکرٹری جنرل کا بڑا عہدہ تفویض کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک سیاسی ودفاعی کمیٹی کا استنبول میں اجلاس ہوا۔
اجلاس میں اجلاس میں تینوں ملکوں پاکستان سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور چیفس آف ڈیفنس فورسز نے شرکت کی۔ اجلاس کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب اور ترکیے کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔ مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک سیاسی ودفاعی کمیٹی اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ مکہ دفاعی اتحاد کا سیکریٹریٹ سعودی دارالحکومت ریاض میں ہوگا، جبکہ پہلے تین سال کے لیے سیکریٹری جنرل کا عہدہ پاکستان کو تفویض کیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق مشترکہ سرگرمیوں کے ذریعے دفاعی صلاحیتیں مزید مضبوط بنانے، دفاعی صنعت میں مضبوط تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ تینوں ملک پاکستان سعودی عرب اور ترکیہ مشترکہ دفاعی ٹیکنالوجی کی ترقی اور پیداوار پر اقدامات اٹھائیں گے۔ جبکہ مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے اور باہمی تعاون کو ادارہ جاتی شکل دینے کیلیے مزید اقدامات کو فروغ دیا جائے گا۔ اجلاس میں بحرانوں کے پرامن حل کیلیے اقدامات کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، خطے میں پائیدار امن کیلیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کا بھی عزم کیا گیا۔
