پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سائبر خطرات سے نمٹنے کیلئے یادداشت پر دستخط ہو گئے

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں اہم تعاون کا آغاز ہو گیا، دونوں ممالک نے سائبر خطرات سے نمٹنے اور اہم مفادات کے تحفظ کے لیے یادداشت پر دستخط کر دیے۔ وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے ڈیجیٹل تعاون کے فروغ کے لیے ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کی سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات کی۔

ریاض میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں اہم تعاون کے لیے یادداشت پر دستخط کر دیے گئے۔سعودی نیشنل سائبر سیکیورٹی اتھارٹی، این سی اے اور پاکستانی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے درمیان ہونے والی یادداشت پر وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ اور این سی اے کے گورنر انجینئر ماجد المزید نے دستخط کیے۔معاہدے کے تحت سائبر اسپیس اور دونوں ممالک کے اہم مفادات کے تحفظ کے لیے تعاون کو فروغ دیا جائے گا، جبکہ ابھرتے ہوئے سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے مہارت اور تجربات کا تبادلہ بھی کیا جائے گا۔دوسری جانب وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے ریاض میں جاری عالمی ٹیکنالوجی کانفرنس لیپ دوہزارچھبیس کی سائیڈ لائنز پر ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن، ڈی سی او کی سیکرٹری جنرل دیمہ الیحیٰ سے ملاقات کی۔ملاقات میں ڈیجیٹل شعبے میں پاکستان اور ڈی سی او کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے اور مضبوط بنانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

WhatsApp
Get Alert