’جتنا دھوکہ آج تک عمران خان کے ساتھ کیا گیا وہ کسی اور کے ساتھ نہیں ہوا‘
عمران خان کی ہر ملاقات کی ریکارڈنگ ہوتی ہے، لفظ بہ لفظ ریکارڈ ہوتا ہے، اس ریکارڈنگ میں تو عمران خان خود کہتے سنے گئے ہیں کہ میرے ساتھ ہر دفعہ دھوکہ ہو جاتا ہے؛ اینکر پرسن منیب فاروق کا دعویٰ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اینکر پرسن منیب فاروق نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کی جیل میں ہونے والی ہر ملاقات کی باقاعدہ ریکارڈنگ کی جاتی ہے اور بانی پی ٹی آئی خود تسلیم کرتے ہیں کہ ان کے ساتھ ہر بار دھوکہ کیا جاتا ہے۔ سینئر صحافی رؤف کلاسرہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے منیب فاروق کا کہنا تھا کہ سیاست میں کوئی چیز حرفِ آخر نہیں ہوتی، اگر پاکستان تحریک انصاف اپنے سیاسی کارڈز کو درست اور مؤثر انداز میں استعمال کرے تو ملک میں بہت کچھ بدل سکتا ہے اور ممکن ہے کہ عمران خان کے ریلیف کے لیے بھی کوئی راستہ نکل آئے۔
تاہم انہوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ممکنات کی بات ہے، یہ بھی ہو سکتا ہے کہ حکومت یا مقتدر حلقے اپنے مقاصد اور ووٹ حاصل کرنے کے لیے تحریک انصاف کو صرف استعمال کریں اور پھر عمران خان کے لیے کچھ بھی نہ بنے کیونکہ اب تک ان کے ساتھ یہی ہوتا آیا ہے۔
جتنا دھوکا آج تک عمران خان کے ساتھ کیا گیا وہ کسی اور کے ساتھ نہیں ہوا۔عمران خان کی ہر ملاقات کی ریکارڈنگ ہوتی ہے۔ لفظ بہ لفظ ریکارڈ ہوتا ہے۔اس ریکارڈنگ میں تو خان صاحب خود کہتے سنے گئے ہیں میرے ساتھ ہر دفعہ دھوکا ہو جاتا ہے۔ان تک کون کون سے لارے خان کو لگائے گئے اور کس نے لگائے؟… pic.twitter.com/J4xprUyslC
— Rauf Klasra (@KlasraRauf) September 2, 2026
منیب فاروق نے عمران خان کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں اور وعدوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جتنا دھوکہ آج تک عمران خان کے ساتھ ہوا، اتنا کسی اور کے ساتھ نہیں ہوا، انہیں بار بار محض ایک لارا یا ٹرک کی بتی دکھا دی جاتی ہے کہ اب آپ کا معاملہ بہتر ہو جائے گا مگر ہوتا کچھ نہیں ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی جیل میں ہونے والی تمام ملاقاتوں کا ایک ایک لفظ ریکارڈ ہوتا ہے، اس ریکارڈنگ میں عمران خان خود یہ کہتے سنے گئے ہیں کہ ’میرے ساتھ ہر دفعہ دھوکہ اور فراڈ ہو جاتا ہے‘، کیوں کہ ماضی میں کی جانے والی تمام تر کوششوں، دعوؤں اور بیک ڈور مذاکرات کے باوجود عمران خان کو تاحال کوئی عملی سیاسی ریلیف حاصل نہیں ہوسکا۔
