بلوچستان میں کوئی نوکری فروخت نہیں ہوگی، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے افسران سے حلف لے لیا
نوکریوں کی خرید و فروخت ثابت ہونے پر کوئی وزیر بچے گا نہ کوئی سیکرٹری،میر سرفراز بگٹی کا دو ٹوک اعلان

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سرکاری ملازمتوں میں شفافیت اور میرٹ یقینی بنانے کے لیے واضح اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہروز اول کہا تھا کوئی نوکری نہیں بکے گی، اصولی موقف پر کابینہ اراکین اور چیف سیکرٹری بلوچستان سمیت ہم سب ایک پیج پر ہیں۔وزیر اعلیٰ بلوچستان کا محکمہ جنگلات کی بھرتیوں میں بے ضابطگی کی شکایات پر اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم ۔مصدقہ ثبوت اور غیر جانبدارانہ تحقیقات میں جرم ثابت ہوا تو “ملوث کردار “سزا سے نہیں بچ سکیں گے ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس،محکموں کی کارکردگی کا جائزہ ليا گيا۔جس ڈیپارٹمنٹ میں بھی نوکریاں فروخت ہونے کے مصدقہ ثبوت ملے اس محکمہ کا وزیر اور سیکرٹری نہیں رہیں گے ۔سردی میں ٹھٹھرتے اور گرمی میں جھلستے کسی نوجوان کی نوکری فروخت نہیں ہونے دیں گے۔بلوچستان کے نوجوانوں کی نوکریاں فروخت ہونے دینا کسی صورت قابل قبول نہیں، افسران احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں ۔افسران پر مکمل اعتماد ہے، آپ باصلاحیت ہیں اور بلوچستان کو درست سمت میں لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔نوکریوں کی خرید و فروخت کے معاملے میں کسی غلطی کی گنجائش نہیں، اس پر کوئی معافی نہیں ہوگی۔تمام سیکرٹریز اللہ کو حاضر و ناظر جان کر حلف اٹھائیں کہ بلوچستان کے نوجوانوں کی نوکریاں فروخت نہیں ہونے دیں گے۔ماتحت اہلکاروں، ریکروٹمنٹ کمیٹیوں پر کڑی نظر رکھی جائے، کسی سطح پر کوئی بے ضابطگی قابل برداشت نہیں۔نوکریوں کی خرید و فروخت روکنے کے لیے ہر طرح کا دباؤ برداشت کریں گے تاہم بلوچستان کے نوجوانوں کے حق پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔میرٹوکریسی قائم کرکے ہی نوجوانوں کا ریاست پر اعتماد بحال کیا جا سکتا ہے۔
