محکمہ صحت ‘ 25 لیڈی میڈیکل آفیسرز کی برطرفی انتظامی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے: ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن
غلط اور نامکمل ریکارڈ کا ملبہ ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں پر ڈالنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا: وائی ڈی اے کا انتباہ

محکمہ صحت حکومت اور ڈاکٹروں کے مذاکرات کو ناکام بنانے کی سازش کر رہا ہے، حق کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) 10 ستمبر: ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان نے محکمہ صحت کی جانب سے 25 لیڈی میڈیکل آفیسرز کو مبینہ طور پر غلط، نامکمل اور متضاد انتظامی ریکارڈ کی بنیاد پر ملازمت سے برطرف کیے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتظامی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا ہے۔ وائی ڈی اے کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ محکمہ اپنے ہی ڈاکٹرز کی پوسٹنگ، تعیناتی اور حاضری سے متعلق بنیادی ریکارڈ درست رکھنے میں ناکام رہا ہے، لیکن اپنی اس نااہلی اور ناقص نظام کا ملبہ ان ڈاکٹرز پر ڈالنے کی کوشش کی جا रही ہے جو روزِ اول سے اپنے باقاعدہ مقامِ تعین پر موجود رہ کر اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری ایمانداری سے انجام دے رہے ہیں۔ترجمان نے واضح کیا کہ اگر کسی ڈاکٹر کو باقاعدہ طور پر ایک مقام پر تعینات کیا گیا ہو اور وہ مسلسل وہیں خدمات سرانجام دے رہی ہو، تو محکمہ کے انتظامی تضاد یا ڈیٹا کی غلطی کی بنیاد پر اسے غیر حاضر قرار دے کر برطرف کرنا ملازمین کی غفلت نہیں بلکہ محکمہ صحت کے انتظامی نظام کی سنگین ناکامی ہے۔ محکمہ صحت کو یہ جواب دینا ہوگا کہ اگر اس کے پاس اپنے ملازمین کی درست پوسٹنگ کا ریکارڈ نہیں تو اس غفلت کی سزا ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں کو کیوں دی جا رہی ہے۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان نے دوٹوک الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ ڈاکٹروں کے خلاف اس قسم کی ناانصافی، انتقامی کارروائی یا انتظامی بے ضابطگی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور محکمہ اپنی ریکارڈ کی غلطیوں کو چھپانے کے لیے ڈاکٹرز کے مستقبل سے کھیلنے سے باز رہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ محکمہ صحت میں موجود چند عناصر حکومت کے ساتھ ہونے والے حالیہ مذاکرات کو ناکام بنانے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں اور اپنی نااہلی چھپانے کے لیے ڈاکٹروں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا سہارا لے رہے ہیں۔وائی ڈی اے نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ کسی بھی فرد یا ادارے کو ڈاکٹروں کے خلاف غیر منصفانہ اور منظم کارروائیوں کی اجازت نہیں دے گی، کیونکہ ڈاکٹروں کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اپنے تمام ڈاکٹرز کے بنیادی، پیشہ ورانہ اور قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر آئینی، قانونی اور جمہوری فورم پر بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی، ایک ایک ڈاکٹر کے حق کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور ہر غیر قانونی اقدام کے خلاف بھرپور مزاحمت کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
