وڈھ میں مبینہ حملے میں 7 سالہ بچے سمیت 4 افراد جاں بحق، میتیں قومی شاہراہ پر رکھ کر دھرنا
واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ، سرکاری حکام تاحال خاموش

وڈھ (ڈیلی قدرت کوئٹہ)سردار اختر جان مینگل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں دعوی کیا ہے کہ وڈھ کے علاقے کِلی یار محمد سونارو میں گزشتہ رات تقریبا 10 بجے حملے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے*۔اختر مینگل کے مطابق زخمیوں میں 7 سالہ بچہ شاہ زیب بھی شامل ہے انہوں نے اپنی پوسٹ کے ساتھ مبینہ متاثرین کی تصاویر بھی شیئر کیں۔سردار اختر مینگل نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گاوں میں شادی کی تیاریاں جاری تھیں، تاہم مبینہ واقعے کے بعد خوشی کا ماحول ماتم میں تبدیل ہوگیا اور کئی خاندان متاثر ہوئے۔تاہم واقعے سے متعلق سرکاری حکام یا ایف سی کا مقف تاحال سامنے نہیں آیا، جبکہ ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔ خضدار تحصیل وڈھ کے علاقے سونارو میں گزشتہ شب پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں چار افراد کی ہلاکت اور ایک خاتون سمیت متعدد افراد کے زخمی ہونے کے خلاف اہلِ علاقہ نے میتوں کے ہمراہ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر احتجاج شروع کردیا۔مقامی ذرائع کے مطابق مظاہرین نے میتیں شاہراہ پر رکھ کر احتجاج کیا، جس کے باعث قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی اور دونوں جانب گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔مظاہرین کا مقف ہے کہ 10 ستمبر کی رات تقریبا 10 بجے وڈھ کے علاقے سونارو، کلی یار محمد گرگناڑی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں چار افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔احتجاج کرنے والے افراد نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے افراد مقامی اور محنت کش شہری تھے دوسری جانب واقعے سے متعلق سرکاری حکام یا فورسز کا مقف تاحال سامنے نہیں آیا۔
