جیل میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ عمران خان سے مل کر سازش کررہا تھا جو پکڑا گیا، ن لیگی سینیٹر ناصر بٹ کا دعویٰ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) مسلم لیگ ن کے سینیٹر ناصر بٹ نے کہا ہے کہ جیل میں قید عمران خان کی کوئی بھی چال اب کارگر ثابت نہیں ہوگی اور نہ ہی ان کے ساتھ کسی قسم کی کوئی ڈیل کا کوئی امکان موجود ہے، عمران خان کی تمام تر کوششیں اور پلاننگ بری طرح فیل ہو چکی ہے، اور اب عدالتوں کی کارروائی ہی آخری راستہ ہے۔ اے آر وائی نیوز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ناصر بٹ نے شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ یہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ کسی ایسے شخص سے مذاکرات کیے جائیں جس نے ملک و قوم کے لیے کوئی ایک بھی اچھا کام نہ کیا ہو، جیل کے اندر سے مختلف منصوبے بنائے جا رہے ہیں اور اس سے قبل سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل بھی اس قسم کی سازشوں میں ملوث پایا گیا تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی پوری کوشش تھی کہ طبی بنیادوں کا بہانہ بنا کر پہلے انہیں کسی ہسپتال منتقل کیا جائے اور پھر وہاں سے انہیں بنی گالہ شفٹ کر دیا جائے لیکن ان کا یہ منصوبہ ناکام ہوچکا ہے، اگر کسی ڈاکٹر نے ملی بھگت کرکے کوئی من گھڑت یا جعلی طبی رپورٹ تیار کی ہے تو وہ حقیقت جلد آشکار ہو جائے گی، جس طرح سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ قانون کی گرفت میں آیا، اسی طرح غلط رپورٹ بنانے والا ڈاکٹر بھی بے نقاب ہو کر قانون کا سامنا کرے گا۔

WhatsApp
Get Alert