پنجاب میں بارشوں کا آخری سپیل آج سے شروع، بڑے شہروں کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی

لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب میں گرمی سے پریشان شہریوں کیلئے اہم خبر آگئی جہاں موسم ایک بار پھر کروٹ لینے والا ہے اور مون سون بارشوں کا نواں اور آخری اسپیل آج سے شروع ہونے کا امکان ہے ۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے 17 ستمبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔
پی ڈی ایم کے مطابق راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے جبکہ مری، گلیات اور پہاڑی علاقوں میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ، ایسے میں شہریوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہوگی۔
ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب
محکمہ موسمیات کے مطابق موسم کی صورتحال کے مطابق آج ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم شام/رات میں بالائی خیبر پختونحوا ، گلگت بلتستان، کشمیر، خطہ پو ٹھوہار اور جنوب مشرقی سندھ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔
اس دوران جنوب مشرقی سندھ میں چند مقاما ت پرآندھی / موسلادھار بارش /ژالہ باری کی بھی توقع ہے ۔
اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع۔تاہم شام / رات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا اور سندھ میں بھی بارش کا امکان
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم شام/رات میں دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، کوہاٹ، کرم، باجوڑ، مہمند اور خیبر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش/ ژالہ باری کا امکان ہے ۔
تھرپارکر، میرپورخاص، بدین، حیدرآباد اور خیرپور سمیت سندھ کے کئی اضلاع میں آج شام سے 16 ستمبر تک بارش کا امکان ہے۔
کراچی میں بھی 14 سے 16 ستمبر تک گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔

WhatsApp
Get Alert