جماعت اسلامی کے دھرنے کی حمایت کرتے ہیں، بیرسٹر گوہر کا اعلان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) ملک کی بڑھتی ہوئی سیاسی گرما گرمی، ہوشربا مہنگائی اور حکومت کے خلاف احتجاجی لہر کے دوران پاکستان تحریک انصاف نے جماعت اسلامی کے دھرنوں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے مشترکہ محاذ کے اشارے دے دیئے۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف جماعت اسلامی کے دھرنوں اور عوامی احتجاج کی بھرپور حمایت کرتی ہے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی جانب سے عمران خان کی رہائی سے متعلق دیئے گئے بیان کا خیرمقدم کیا۔
🚨🚨 جماعت اسلامی کے دھرنے کی حمایت کرتے ہیں،عمران خان کی رہائی سے متعلق حافظ نعیم الرحمن کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں،جماعت اسلامی کو انصاف کیلئے لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دیں گے،مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد میں ساتھ دیں گے،بیرسٹر گوہر pic.twitter.com/QB5U7oT8EO
— Zahida Rao (@zahidarao123) September 13, 2026
جماعت اسلامی کی جانب سے 20 ستمبر کے متوقع احتجاج اور ملک گیر دھرنوں پر بیرسٹر گوہر نے مؤقف اپنایا ہے کہ پی ٹی آئی مہنگائی، پیٹرولیم لیوی اور عام آدمی کے استحصال کے خلاف جماعت اسلامی کی تمام تر جدوجہد میں ہراول دستے کا ساتھ دے گی، اس کے علاوہ پی ٹی آئی 27 ستمبر کے اپنے طے شدہ لانگ مارچ میں شرکت کیلئے باضابطہ طور پر جماعت اسلامی کو دعوت نامہ دے گی۔
