بلوچستان کو لاوارث اور نوگو ایریا بنایا جا رہا ہے’ اسلام آباد کے حکمران ہوش کے ناخن لیں، تجربات کے بجائے وسائل پر عوام کا حق تسلیم کیا جائے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ
بدامنی، مہنگائی اور بارڈرز کی بندش نے جینا محال کر دیا، حقوق کے حصول کے لیے 20 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف فیصلہ کن لانگ مارچ کا اعلان

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر لیوی کے نام پر بھتہ خوری،بلوچستان میں بدامنی،دہشت گردی، بارڈرز اور شاہراہوں کی بندش کے خلاف آج بھی صرف جماعت اسلامی ملک بھر میں عوامی احتجاج کی قیادت کر رہی ہے۔20ستمبر کااسلام آباد لانگ مارچ وقت کی اہم ضرورت ہے جماعت اسلامی کے تمام سطح کے ذمہ داران بھرپورتیاریاں شروع کریں۔بلوچستان کو ایک لاوارث،ریگستان اورنوگوایریابنایاجارہاہے۔عوام بدامنی،بے روزگاری،مہنگائی،سڑکوں اوربارڈرزکی بندش سمیت سنگین مسائل کا شکار ہیں، مگر حکمرانوں اور متعلقہ اداروں کی بے حسی میں کوئی کمی نہیں آئی۔جماعت اسلامی عوام کو درپیش مشکلات، ناانصافی اور ظلم کے خلاف ہر سطح پر جمہوری مزاحمت اور جدوجہد جاری رکھے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے20ستمبر لانگ مارچ اور دیگر احتجاجی سرگرمیوں کے حوالے سے منعقدہ ذمہ داران کے اجلاس سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی، ضلعی اوربرادرتنظیموں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔اجلاس میں20ستمبر لانگ مارچ اور مختلف اضلاع میں دھرنا کیمپوں کی تیاریوں کے حوالے سے مشاورت اور اہم فیصلے کیے گئے۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے مزید کہا کہ بلوچستان کے حالات تجزیوں اور خبروں سے کہیں زیادہ خراب ہیں۔اسلام آباد کے حکمران ہوش کے ناخن لیں، محض تجزیوں اور تجربات کے بجائے بلوچستان کے عوام کو امن، آئینی حقوق اور وسائل پر دسترس فراہم کریں۔ بلوچستان کے عوام کی سب سے بنیادی ضرورت امن ہے، جبکہ صوبے کے وسائل پر سب سے پہلا حق بلوچستان کے عوام کا ہے؛ یہ وسائل ان کی ترقی، تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی سہولیات پر خرچ ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایوان کے اندر بھی اور ایوان کے باہر بھی عوام کے حقوق کے لیے جمہوری مزاحمت اور جدوجہد جاری رکھے گی۔ حقوق کے حصول کے لیے لانگ مارچ، دھرنے اور پْرامن جمہوری احتجاج ہمارا آئینی و جمہوری حق ہے۔ بلوچستان کے عوام اپنے حقوق کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد کا بھرپور ساتھ دیں اور 20 ستمبر اسلام آباد لانگ مارچ کو کامیاب بنائیں۔
