لیوی کے نام پر بھتہ خوری ناقابل قبول، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور معاشی استحصال کے خلاف 20 ستمبر کا لانگ مارچ فیصلہ کن ہو گا: مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

بلوچستان کے عوام پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کا شکار ہیں، مزید ٹیکسز کا بوجھ برداشت نہیں کریں گے: امیر جماعت اسلامی بلوچستان


عوام کے حقوق، انصاف اور معاشی آزادی کے لیے پرامن جمہوری جدوجہد جاری رہے گی، حکمران وسائل پر عوام کا حق تسلیم کریں
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، عوام کو حقیقی ریلیف اور مہنگائی، ناانصافی و معاشی استحصال کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔ 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ عوام کے حقوق اور انصاف کے حصول کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔صوبائی و ضلعی ذمہ داران کے اجلاس سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت کی ہدایت پر بلوچستان بھر میں 20 ستمبر کے اسلام آباد مارچ کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔ اجلاس میں مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا جبکہ امرائے اضلاع اور ذمہ داران کو ہدایت کی گئی کہ رابطہ مہم مزید تیز کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ارکان، کارکنان، امیدوارانِ رکنیت، وابستگان اور عوام سے رابطے بڑھاتے ہوئے زیادہ سے زیادہ افراد کو اسلام آباد مارچ میں شریک کیا جائے۔ کارکنان مساجد، بازاروں، مارکیٹوں، تعلیمی و تجارتی مراکز اور دیگر مقامات پر عوام سے رابطہ کرکے جماعت اسلامی کے مطالبات اور مارچ کا پیغام عام کریں۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام پہلے ہی بدامنی، بے روزگاری، مہنگائی، کاروباری مشکلات اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کا سامنا کررہے ہیں، ایسے حالات میں پٹرولیم مصنوعات پر بھاری ٹیکسز اور لیوی کے ذریعے عوام کی جیبوں پر مزید بوجھ ڈالنا ناقابل قبول ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ٹیکسز اور لیوی کے نام پر وصولیاں بڑھا رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کا اسلام آباد مارچ کسی فرد یا جماعت کے خلاف نہیں بلکہ عوام کے حقوق، انصاف، معاشی آزادی اور مہنگائی و ناانصافی کے خلاف پرامن عوامی جدوجہد ہے۔امیر جماعت اسلامی بلوچستان نے کہا کہ 20 ستمبر کو اسلام آباد میں بلوچستان سمیت پورے ملک کے عوام کی آواز گونجے گی اور حکمرانوں کو عوام کے مسائل کا جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں اور طاقتور طبقات کو بلوچستان کے عوام کے حقوق دینا ہوں گے۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی پرامن، آئینی اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے عوام کو ان کا حق دلانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ اسلام آباد مارچ کی کامیابی کے لیے بھرپور تیاری کریں اور 20 ستمبر کو عوام کی مضبوط اور توانا آواز بن کر اسلام آباد پہنچیں۔

WhatsApp
Get Alert