حوثیوں کا مکہ مکرمہ پر ڈرون حملہ

مکہ مکرمہ کی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ڈرون کو تباہ کردیا؛ ترجمان سعودی فوجی اتحاد


ریاض(قدرت روزنامہ)سعودی عرب کی قیادت میں قائم بین الاقوامی فوجی اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ سعودی فضائی دفاعی نظام نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے مکہ مکرمہ کی مقدس فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے حوثی بارودی ڈرون کو فضا میں ہی کامیابی سے تباہ کردیا۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی فوجی اتحاد نے اس واقعے کو یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے ایک انتہائی سنگین پیشرفت قرار دیا ہے، اتحاد کی جانب سے جاری کردہ ہنگامی بیان میں کہا گیا ہے کہ حرمین شریفین اور تمام مقدس مقامات کی حفاظت و حرمت سعودی عرب اور اتحادی افواج کے لیے ایک ناقابلِ عبور سرخ لکیر ہے، جس پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
بیان میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی یہ دوسری ناکام کوشش ہے، جس کا جواب دینے کے لیے حوثیوں کے خلاف تمام ضروری عسکری اور دفاعی اقدامات فوری طور پر کیے جائیں گے، اس بزدلانہ حملے کا اصل مقصد دنیا بھر سے مکہ مکرمہ میں عبادت اور عمرہ کی ادائیگی کے لیے آئے ہوئے لاکھوں مسلمان زائرین کے اندر شدید خوف و ہراس اور ناامنی پھیلانا تھا، حوثی ملیشیا کی یہ کارروائیاں ان کے انتہا پسندانہ عزائم کو بے نقاب کرتی ہیں، تاہم سعودی ایئر ڈیفنس اور افواج تمام مقدس مقامات اور عام شہریوں کا دفاع کرنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ اور مکمل تیار ہیں۔

WhatsApp
Get Alert