کوئٹہ میں کمسن علی شاہ کا بوری بند لاش کا معمہ حل، سگی چاچی مبینہ قاتل نکلی
پانی کی ٹینکی میں چھپائی گئی لاش سے بدبو آنے پر گھر سے باہر پھینکی گئی، چاچی قتل کے الزام میں گرفتار

پولیس کی تفتیش جاری، قتل کے محرکات جاننے کے لیے پوچھ گچھ کا سلسلہ شروع، حتمی حقائق جلد سامنے لائے جائیں گے
کوئٹہ (ڈیلی قدرت) کوئٹہ پولیس نے کمسن بچے علی شاہ کی بوری بند لاش ملنے کے واقعے کا معمہ حل کرنے کا دعوی کرتے ہوئے بچے کی سگی چاچی کو مبینہ قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق چند روز قبل تھانہ صدر میں کمسن علی شاہ کی گمشدگی کی رپورٹ درج کی گئی تھی، جس کے بعد پولیس نے مختلف پہلوں سے تحقیقات شروع کیں۔پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ بچے کی سگی چاچی نے مبینہ طور پر علی شاہ کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش بوری میں بند کرکے گھر میں موجود پانی کی ٹینکی میں چھپا رکھی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ لاش سے بدبو آنے کے بعد خاتون نے مبینہ طور پر بوری بند لاش گھر سے باہر پھینک دی، جس کے بعد پولیس نے تحقیقات کے دوران خاتون کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور گرفتار خاتون سے پوچھ گچھ کے ذریعے قتل کے محرکات اور دیگر حقائق معلوم کیے جارہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حتمی ذمہ داری کا تعین تفتیش اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہوگا۔
