دہشت گرد عناصر امن و استحکام تباہ کرنا چاہتے ہیں مگر ریاست ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دے گی: وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی
سیکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت

کوئٹہ (ڈیلی قدرت) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آڑنجی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء اور ممتاز قبائلی شخصیت میر شفیق الرحمان مینگل کے مہمان خانے پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے حملے میں ایک پولیس اہلکار اور میر شفیق الرحمان مینگل کے چار ذاتی محافظوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گرد عناصر امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ریاست ان کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
