مانگی ڈیم پمپنگ اسٹیشن میں دہشت گردانہ حملے کی کھلی عدالت میں سماعت، بلوچستان کے 3 ہزار مدارس میں سے 21 سو کی رجسٹریشن مکمل، 300 غیر قانونی مدارس کو سیل کر دیا گیا: ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ

جسٹس محمد عامر نواز رانا کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیشن کی کارروائی، مدارس کی رجسٹریشن پر محکمہ داخلہ کی بریفنگ


کوئٹہ (ڈیلی قدرت) تحقیقاتی کمیشن کے ایک اعلامیہ کے مطابق مانگی ڈیم پمپنگ اسٹیشن، ضلع زیارت میں پیش آنے والے دہشت گرد حملے کی تحقیقات کے لیے قائم کردہ تحقیقاتی کمیشن کے جناب جسٹس محمد عامر نواز رانا نے آج مورخہ 16 ستمب 2026 کو کھلی عدالت میں تحقیقاتی کمیشن کی کارروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے سماعت کی۔سماعت کے دوران علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد پیش ہوئی، جن میں سے گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے۔علاوہ ازیں، تحقیقاتی کمیشن کے استفسار پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے کمیشن کو صوبہ بھر میں مدارس کو باقاعدہ رجسٹر کرنے کے سلسلے میں حکومتِ بلوچستان کی جانب سے اب تک اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں مختصر تفصیلات سے آگاہ کیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ یہ اقدامات بلوچستان چیریٹیز رجسٹریشن اینڈ ریگولیشن اتھارٹی کے ذریعے کیے جا رہے ہیں، جو محکمہ داخلہ کے ماتحت کام کر رہی ہے۔ان کے مطابق بلوچستان میں تقریباً 3,000 مدارس موجود ہیں، جن میں سے 2,100 کی رجسٹریشن کا عمل اتھارٹی کی جانب سے مکمل کیا جا چکا ہے، جبکہ مزید مدارس کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔اس ضمن میں، غیر قانونی حیثیت اور تقاضے پورے نہ ہونے کی بنا پر 300 مدارس کو سیل بھی کیا گیا ہے۔ تاہم، انہوں نے اس معاملے پر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کے لیے مزید وقت طلب کیا، جسے کمیشن نے اگلی سماعت تک پیش کرنے کی ہدایت جاری کی۔

WhatsApp
Get Alert