10 روپے کے نوٹ کب بند ہو رہے ہیں؟ اسٹیٹ بینک کی وضاحت جاری

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 10 روپے کے بینک نوٹ کی بندش سے متعلق رپورٹس کی وضاحت کردی ہے اور بتایا کہ نئے نوٹوں کی تجویز اس وقت وفاقی کابینہ میں زیرغور ہے۔
اسٹیٹ بینک کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان 10 روپے مالیت کے بینک نوٹ کی مبینہ بندش اور اسے تبدیل کرانے کی آخری تاریخ سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی رپورٹس کی واضح طور پر تردید کرتا ہے اور اس حوالے سے تمام اطلاعات بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں
انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک نے نئے بینک نوٹوں کی سیریز متعارف کرانے کی تجویز پیش کی ہے اور نئے نوٹوں کی تجویز اس وقت وفاقی کابینہ میں زیر غور ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اس معاملے پر ابھی غور کیا جا رہا ہے اور کسی بھی مالیت کے کرنسی نوٹ تبدیل کرنے یا بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، اس حوالے سے اگر کوئی حتمی فیصلہ کیا جاتا ہے تو عوام کو اس سے متعلق آفیشل ذرائع سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔
اسٹیٹ بینک نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ اگر کسی بینک نوٹ کو بند کیا جاتا ہے تو اسے تبدیل کرانے کے لیے مناسب وقت بھی دیا جائے گا۔
ترجمان اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ عوام الناس کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اس حوالے سے صرف اور صرف اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ آفیشل اطلاعات پر ہی اعتماد کریں
