سینیٹر دنیش کمار بلوچستان عوامی پارٹی کا قیمتی اثاثہ اور قابلِ احترام رہنماء ہیں: مرکزی ترجمان

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی ترجمان نے کہا ہے کہ سینیٹر دنیش کمار بلوچستان عوامی پارٹی کا قیمتی اثاثہ اور قابلِ احترام رہنماء ہیں، انہوں نے ہمیشہ قانون، جمہوری اقدار اور سیاسی رواداری کے دائرے میں رہتے ہوئے سیاست کی ہے۔ پارٹی کے علم میں ان کی جانب سے کسی غیر قانونی اقدام یا کسی شخص کو دھمکی دینے کا کوئی معاملہ نہیں ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں بلوچستان عوامی پارٹی نے کہا ہے کہ پارٹی اپنے رہنماء سینیٹر دنیش کمار کے ساتھ کھڑی ہے۔ اگر کسی فرد یا جماعت کو ان کے کسی اقدام پر اعتراض یا شکایت ہے تو اس کے لیے قانونی اور آئینی راستہ موجود ہے جسے اختیار کیا جانا چاہیے۔ سیاسی اختلاف کا جواب سیاسی اور قانونی انداز میں ہونا چاہیے، بیانات کے ذریعے دھمکی آمیز تاثر پیدا کرنا مناسب جمہوری رویہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں اور ان کی قیادت کا احترام کرتے ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ اختلافات کو بھی باہمی احترام اور قانون کے دائرے میں رکھا جائے۔
