دباؤ، دھمکی یا خوف ہماری پُرامن اور آئینی جدوجہد کا راستہ نہیں روک سکتے، سہیل آفریدی
قانون کا احترام کرتے ہوئے اپنے جمہوری حق کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے، دھمکی آمیز بیانات سے اختلافِ رائے کو دبانے یا شہریوں کو خوفزدہ کرنے کی بجائے عوامی مطالبات سنیں؛ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کا پیغام

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور صوبہ خیبرپختونخواہ کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کی جانب سے احتجاج روکنے کی دھمکیوں پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ ایک پُرامن، جمہوری اور آئینی جدوجہد ہے، پاکستان کے ہر شہری کو آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے بنیادی حقوق اور احتجاج کے لیے آواز بلند کرنے کا پورا حق حاصل ہے، پی ٹی آئی اپنے اسی آئینی و جمہوری حق کو استعمال کرتے ہوئے عوامی آواز کو متعلقہ اداروں تک پہنچائے گی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سہیل آفریدی نے وفاقی وزراء کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کو کچل کر اقتدار پر مسلط ہونے والے وزراء کے مسلسل دھمکی آمیز بیانات کسی بھی جمہوری معاشرے کے لیے شدید تشویش کا باعث ہیں، اختلافِ رائے کو دبانے یا شہریوں کو خوفزدہ کرنے کے بجائے حکمران عوامی مطالبات سنیں، آئینی حقوق کا احترام کریں اور تمام تر سیاسی مسائل کا حل کسی تصادم کے بجائے سنجیدہ مکالمے، قانون اور جمہوری عمل کے ذریعے تلاش کریں۔
ہمارا 27 ستمبر کا لانگ مارچ ایک پُرامن، جمہوری اور آئینی جدوجہد ہے۔ پاکستان کے ہر شہری کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے بنیادی حقوق کے لیے پُرامن طور پر آواز بلند کرنے اور اجتماع کرنے کا حق حاصل ہے۔ ہم اسی آئینی حق کو استعمال کرتے ہوئے اپنی آواز عوام اور متعلقہ…
— Sohail Afridi (@SohailAfridiISF) September 18, 2026
پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کا ہر ذی شعور شہری آئین کی اصل حالت میں بحالی، بانیِ پی ٹی آئی عمران خان سمیت تمام ناحق قید سیاسی اسیران کی فوری رہائی، آزاد صحافت، اور آئینی آزادیوں کا مطالبہ کر رہا ہے، اس کے ساتھ ہی ملک کا نوجوان روزگار، مزدور اپنے معاشی حقوق اور کسان اپنی محنت کے مناسب معاوضے کے لیے سرگرم عمل ہیں، ان تمام باوقار مطالبات کا جواب دھمکیوں کے ذریعے دینے کے بجائے مؤثر حکمرانی سے دیا جانا چاہیے۔
انہوں نے حکومت اور سیکیورٹی اداروں پر واضح کیا کہ تحریک انصاف کسی قسم کے تصادم کی خواہاں نہیں ہے اور ہمارا 27 ستمبر کا احتجاج مکمل طور پر آئینی حدود میں رہے گا، تاہم کسی بھی قسم کا دباؤ، دھمکی یا خوف پی ٹی آئی کی پُرامن جدوجہد کا راستہ نہیں روک سکتا۔
سہیل آفریدی نے اس مشہور شعر پر اپنے بیان کا اختتام کیا کہ
ادھر آ ستمگر، ہنر آزمائیں
تُو تیر آزما، ہم جگر آزمائیں
