گوادرمیں مسلح افراد کا ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین کے گھر پر حملہ، اغوا کی کوشش ناکام

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین گوادر ہوت نعمت اللہ کے آبائی گاؤں دشت کلاتو میں مسلح افراد نے ان کی بیٹھک پر حملہ کرتے ہوئے شدید فائرنگ اور دھماکا کی تاہم ہوت نعمت اللہ محفوظ رہے جبکہ حملہ آور اغوا کی کوشش میں ناکام ہوگئے۔ذرائع کے مطابق ہوت نعمت اللہ اپنے ماموں کی وفات پر فاتحہ خوانی کے لیے بیٹھک میں موجود تھے کہ دو موٹرسائیکلوں اور ایک گاڑی پر سوار مسلح افراد وہاں پہنچے اور انہیں اغوا کرکے لے جانے کی کوشش کی فاتحہ خوانی میں موجود افراد نے مسلح حملہ آوروں کا مقابلہ کیا، جس کے بعد حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے فائرنگ کے نتیجے میں متعدد گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔ذرائع کے مطابق فرار ہوتے ہوئے مسلح افراد نے راستے میں بم دھماکا کیا جس سے ایک پل کو بھی نقصان پہنچا۔ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین گوادر ہوت نعمت اللہ نے حملے کو بلوچستان کی عظیم روایات کی پامالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماموں کی فاتحہ خوانی پر بیٹھے شخص پر حملہ اور اغوا کی کوشش بزدلانہ کارروائی ہے، ایسے حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلح افراد اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے، عوام اور علاقے کے لوگوں کے حوصلے بلند ہیں۔ہوت نعمت اللہ نے مشکل وقت میں تعزیتی مجلس میں موجود افراد کی جانب سے جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرنے کو قابل تحسین قرار دیا۔
