عوامی شکایات اور فوری مدد کے لیے بلوچستان پولیس کی ہیلپ لائن 1715 فعال کر دی گئی

ایف آئی آر درج نہ ہونے، پولیس اہلکاروں کے نامناسب رویے یا رشوت خوری کی شکایت بھی 1715 پر کی جا سکتی ہے


شہری ناانصافی پر خاموش نہ رہیں، پی ٹی سی ایل نمبر اور واٹس ایپ کے ذریعے تحریری یا ویڈیو شکایات بھی درج کی جا سکیں گی: ترجمان پولیس
کوئٹہ (ڈیلی قدرت)بلوچستان پولیس کی عوامی شکایات کے ازالے اور فوری مدد کے لیے ہیلپ لائن 1715 کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ ترجمان بلوچستان پولیس کے مطابق شہری پولیس سے متعلق کسی بھی قسم کی عوامی شکایات اور فوری مدد کے حصول کے لیے 1715 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ترجمان نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی شہری کی ایف آئی آر یا باقاعدہ شکایت درج نہ ہو رہی ہو تو وہ فوری طور پر اس ہیلپ لائن پر اطلاع دیں۔ اس کے علاوہ پولیس اہلکاروں کے کسی بھی ناجائز یا نامناسب رویے اور رشوت یا بدعنوانی سے متعلق تمام شکایات بھی اسی پولیس ہیلپ لائن 1715 پر درج کرائی جا سکتی ہیں۔ ترجمان نے اس بات پر زور دیا ہے کہ شہری فوری نوعیت کی پولیس شکایات کے لیے بلاجھجھک 1715 ڈائل کریں اور عوامی شکایات کی مانیٹرنگ و بروقت کارروائی کے نظام کو مثر بنایا جا رہا ہے۔شہریوں کی آسانی کے لیے متبادل رابطے کے نمبر بھی جاری کر دیے گئے ہیں جن کے مطابق شہری شکایات اور متعلقہ معلومات کے لیے پی ٹی سی ایل نمبر 081-9204851 پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں، جبکہ خصوصی واٹس ایپ نمبر 0304-3470110 کے ذریعے بھی اپنی شکایات تحریری یا وڈیو شکل میں پہنچائی جا سکتی ہیں۔ بلوچستان پولیس کے ترجمان نے شہریوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی ناانصافی یا قابلِ شکایت معاملے پر ہرگز خاموش نہ رہیں بلکہ متعلقہ ہیلپ لائن پر فورا اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert