خیبرپختونخواہ کے صوبائی وزیر فضل شکور کی مبینہ گرفتاری کی ویڈیو سامنے آگئی


پشاور (قدرت روزنامہ) خیبرپختونخواہ کے صوبائی وزیر فضل شکور خان کی موٹروے پر مبینہ گرفتاری کی ویڈیو منظرِ عام پر آگئی، جس میں سادہ کپڑوں میں ملبوس نقاب پوش افراد کو صوبائی وزیر کی گاڑی کے ٹائروں پر فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو اور پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ صوبائی اسمبلی عبدالغنی آفریدی کے بیان کے مطابق صوبائی وزیر فضل شکور کی سرکاری گاڑی کو موٹروے پر بلاجواز روکا گیا، نقاب پوش افراد نے کلاشنکوف کے زور پر گاڑی کے ٹائروں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ٹائر پھٹ گئے اور گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے، اس کے بعد فضل شکور کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عبدالغنی آفریدی نے کہا کہ اگر ایک منتخب صوبائی وزیر کے ساتھ اس قسم کا غیر آئینی اور تشدد پر مبنی رویہ اختیار کیا جائے گا تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس ملک میں عام پاکستانی کی جان و مال اور عزت کس حد تک محفوظ ہے، خدارا! اس ملک اور اس صوبے پر رحم کریں، سیاست کو سیاست رہنے دیں اور اختلافِ رائے کو بندوق، گولی اور ڈنڈے کے ذریعے دبانے کی کوشش مت کریں کیونکہ ایسے اقدامات سے ملک میں نفرت اور تصادم ہی پھیلے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہم محبِ وطن پاکستانی ہیں اور اپنے تمام سیاسی اختلافات کو جمہوری طریقے سے حل کرنا چاہتے ہیں، عمران خان نے ہمیشہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر پُرامن جدوجہد اور احتجاج کا درس دیا اور ہم قانون ہاتھ میں لیے بغیر اپنی آئینی جدوجہد جاری رکھیں گے، سیاسی اختلاف کو جرم بنانا بند کیا جائے، طاقت کے بجائے آئین و قانون کی بالادستی قائم کی جائے کیونکہ ملک کو بندوق نہیں بلکہ انصاف اور آئین کی حکمرانی چاہیے۔

WhatsApp
Get Alert