بجلی کے 200 یونٹس استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے خوشخبری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) حکومت کی جانب سے بجلی کے 200 یونٹس استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے خوشخبری سامنے آئی ہے، جس کے تحت اب 200 یونٹس سے زیادہ بجلی استعمال کرنے پر پروٹیکٹڈ کیٹیگری ختم نہیں ہوگی۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ذرائع وزات توانائی کا کہنا ہے کہ بجلی کے نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کو ریلیف دینے کی تجویز پر غور کیا جارہا ہے، پاور ڈویژن نے پروٹیکٹڈ فارملے پر نظر ثانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت 200 یونٹس سے زیادہ بجلی استعمال کرنے پر رواں ماہ سے اضافی نرخ لینے کی تجویز ہے ، جبکہ اس سے قبل پروٹیکٹڈ صارف کو 200 یونٹس سے زیادہ بجلی استعمال کرنے پر 6 ماہ تک اضافی ادائیگی کرنا پڑتی تھی۔

یعنی صرف ایک بار اگر پروٹیکٹڈ صارف 200 یونٹس سے زیادہ بجلی استعمال کرتا تھا تو اس کی پروٹیکٹڈ کیٹیگری ختم کردی جاتی تھی۔
جس کے باعث پروٹیکٹڈ صارف کو اگلے 6 ماہ تک کم یونٹس کے باوجود نان پروٹیکٹڈ کیٹیگری میں شامل کردیا جاتا تھا۔ لیکن اب ایسا نہیں ہوگا بلکہ صرف اضافی یونٹس کا بل چارج کیا جائے گا۔ اور صارف کی پروٹیکٹڈ کیٹیگری برقرار رہے گی۔ بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزارت توانائی نے نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین پر بجلی کے اضافی مالی بوجھ کو کم کرنے کے لیے پروٹیکٹڈ صارفین کے موجودہ فارمولے میں تبدیلی کی تجویز پر کام شروع کر دیا ہے۔ تجویز پر حتمی منظوری کے بعد پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے موجودہ طریقہ کار میں تبدیلی کا امکان ہے۔

WhatsApp
Get Alert