کراچی: بلوچ کالونی ایکسپریس وے کے قریب کے الیکٹرک کے گرڈ اسٹیشن میں آگ لگ گئی، کئی علاقوں میں بجلی معطل


کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے بلوچ کالونی ایکسپریس وے کے قریب کے الیکٹرک کے گرڈ اسٹیشن میں آگ لگنے سے کئی علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی۔
چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچ کالونی گرڈ اسٹیشن کے 3 پینلز میں آگ لگی تھی، پینلز کے اوپر فیول کے ٹینک تھے، جب ہم یہاں پہنچے تو شعلے 30/40 فٹ اونچے تھے۔
چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کے مطابق آگ پر 8 فائرٹینڈرز اور 2 واٹر باؤزر کی مدد سے قابو پایا گیا، آگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، کولنگ کا عمل جاری ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے باعث منظور کالونی، بلوچ کالونی، محمود آباد ، پی ای سی ایچ ایس میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر فیروزآباد جویریہ اقبال نے بلوچ کالونی گرڈ اسٹیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک گرڈ اسٹیشن میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا، فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا اور آگ بجھادی۔
اسسٹنٹ کمشنر فیروزآباد نے کہا کہ آتشزدگی کے واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، احتیاطی طور پر علاقے کی بجلی منقطع کردی گئی۔

WhatsApp
Get Alert