50 ہزار اشرافیہ کو ویزہ فری سہولت مبارک! اسحاق ڈار کے معاہدے پر رؤف کلاسرہ کا شدید طنز
اشرافیہ سب فائدے مراعات اپنے خاندان کیلئے لینے میں مصروف ہیں، ان لوگوں کو سبز پاسپورٹ برا لگتا ہے، انہیں بیوی بچوں ماں باپ سمیت ہر ملک میں ویزہ فری انٹری چاہئے؛ سینئر صحافی و تجزیہ کار کا تبصرہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)معروف سینیئر صحافی اور تجزیہ کار رؤف کلاسرہ نے نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزہ استثنیٰ معاہدے پر شدید طنز کرتے ہوئے اشرافیہ کو ملنے والی مراعات پر کڑی تنقید کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں رؤف کلاسرہ نے کہا کہ سفارتی محاذ پر یہ اقدام دراصل ملک کے 50 ہزار سرکاری افسران، ارکانِ پارلیمنٹ، ان کے اہلخانہ اور والدین کے لیے ایک بہت بڑا کارنامہ ثابت ہوا ہے، اس معاہدے سے یہ بات صاف واضح ہو جاتی ہے کہ ملک کے حکمران اور افسر شاہی 25 کروڑ عوام کے لیے تو سبز پاسپورٹ رکھتے ہیں لیکن اپنے، اپنے بچوں اور والدین کے لیے تاحیات بلیو یا ریڈ پاسپورٹ حاصل کرنے کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔
سفارتی محاذ پر اسحاق ڈار کی بلیو/ریڈ پاسپورٹ رکھنے والے 50 ہزار سرکاری افسران، ارکان پارلیمنٹ،ان کے بیوی بچوں اور والدین تک کے لیے بہت بڑا کارنامہ۔
اب آپ کو پتہ چلا ارکان اسمبلی اور سرکاری افسران پچیس کروڑ پاکستانیوں کے لیے سبز پاسپورٹ لیکن اپنے لیے، بیوی، بچوں اور اب تو… https://t.co/iWV3oZS8VD
— Rauf Klasra (@KlasraRauf) September 22, 2026
سینئر صحافی نے مزید لکھا کہ عوام کے لیے تو کسی دوسرے ملک کا ویزہ حاصل کرنا بھی عذاب بن چکا ہے جبکہ سیاسی اور بیوروکریٹک اشرافیہ صرف اپنے اور اپنے خاندانوں کے لیے مراعات بٹورنے کی جدوجہد میں مصروف ہے، انہوں نے ان 50 ہزار ’خوش قسمت‘ افسران اور ان کے خاندانوں کو طنزیہ مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان بااثر افراد کو عام پاکستانیوں کا سبز پاسپورٹ برا لگتا ہے، اسی لیے یہ کمیٹیوں میں تاحیات ریڈ اور بلیو پاسپورٹ اور دنیا بھر میں ویزہ فری انٹری کے لیے لڑائیاں لڑتے ہیں۔
