حق مہر بیوی کا قانونی اور شرعی حق، شوہر شرائط عائد کرکے ادائیگی سے نہیں بچ سکتا، سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ حق مہر اسلامی قانون کے تحت شادی کا لازمی قانونی تقاضا ہے، جو شوہر کی جانب سے بیوی کو حسن نیت کے ساتھ، طے شدہ وقت پر اور ایسی شرائط کے بغیر ادا کیا جانا چاہیے جو بیوی کی عزت و وقار کو مجروح کریں۔ عدالت نے واضح کیاکہ حق مہر کی ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں عدالتوں کو ہچکچاہٹ یا معذرت کے بجائے قانون کے مکمل اختیار کے ساتھ مداخلت کرنی چاہیے۔

جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے یہ فیصلہ سنایا، جس میں جسٹس عرفان سعادت خان، جسٹس عقیل احمد عباسی اور جسٹس شاہد بلال حسن شامل تھے۔ متفقہ فیصلہ حق مہر سے متعلق نکاح نامے میں درج شرائط کے قانونی اثرات سے متعلق دیوانی اور فوجداری درخواستوں کے ایک مجموعے پر سنایا گیا۔

26 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس شاہد وحید نے تحریر کیا۔ سپریم کورٹ نے اگرچہ انفرادی مقدمات کے میرٹ پر کوئی رائے دینے سے گریز کیا، تاہم ہدایت کی کہ ہر مقدمہ اس کے میرٹ پر فیصلے کے لیے متعلقہ بینچ کے سامنے پیش کیا جائے۔

’حق مہر بیوی کا خصوصی ملکیتی حق ہے‘
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ حق مہر نہ تو بیوی کی قیمت ہے اور نہ ہی فنی معنوں میں عام قانون کے تحت کسی معاوضے کے مترادف ہے، بلکہ یہ بیوی کا خصوصی ملکیتی حق ہے۔

جسٹس شاہد وحید نے فیصلے میں کہاکہ حق مہر کا ادارہ انسانی وقار، قانون کے سامنے مساوات، خاندان کے تحفظ اور اسلام کی تعلیمات سے وفاداری جیسی آئینی اقدار کی عکاسی اور تقویت کرتا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ حق مہر سے متعلق قوانین کی تشریح اس انداز میں کی جانی چاہیے کہ بیوی کے قانونی حق کو عملی اور مؤثر تحفظ حاصل ہو، تاہم اس کے ساتھ اس حقیقی معاہدے کی بھی پابندی کی جائے جو شواہد کی بنیاد پر ثابت ہو۔

سپریم کورٹ نے زور دیا کہ عدالتوں کو شادی کے ادارے کو ایسے لین دین میں تبدیل نہیں ہونے دینا چاہیے جہاں بیوی کے حقوق کو ثانوی حیثیت حاصل ہو جائے۔ شوہر کو بھی حق مہر کو بعد کے تنازعات میں بطور ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

جسٹس شاہد وحید نے ریمارکس دیے کہ اگر شوہر یہ کہے کہ ’میں تمہیں اس وقت پیسے دوں گا جب تم اچھا برتاؤ کرو گی‘ یا ’میں تمہیں اس وقت ادائیگی کروں گا جب تم طلاق کا مطالبہ نہیں کرو گی‘ تو یہ حق مہر نہیں ہے بلکہ جبر ہے۔
سپریم کورٹ نے عدالتوں کے لیے رہنما اصول بیان کرتے ہوئے کہا کہ حق مہر سے متعلق ہر مقدمے میں اس بنیادی نکتے کو مدنظر رکھا جانا چاہیے کہ بیوی کی عزت و وقار داؤ پر ہے۔

فیصلے میں کہا گیا: ’اس کا حق کوئی احسان نہیں۔ یہ شریعت کا حکم، قانون کا حکم اور انصاف کا حکم ہے۔ عدالت کا کام شواہد کی بنیاد پر یہ طے کرنا ہے کہ اس کا حق کیا ہے اور پھر اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ اسے وہ حق ملے۔ کسی شوہر کو یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ وہ خاموشی اختیار کرکے اپنی ذمہ داری سے بچ سکتا ہے اور کسی عدالت کو یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ وہ اس معاملے کو معمولی سمجھ کر نمٹا سکتی ہے۔‘

عدالت نے مزید کہاکہ حق مہر کے تحفظ کے ذریعے گھر کا تحفظ کیا جاتا ہے، گھر کے تحفظ سے معاشرے کی حفاظت ہوتی ہے اور معاشرے کے تحفظ کے ذریعے اس قوم کے اس وعدے کی تکمیل ہوتی ہے جو اسلام، انصاف اور انسانی وقار کے اصولوں پر قائم ہونے کا دعویٰ کرتی ہے۔

سنت نبوی ﷺ میں حق مہر کی اہمیت
سپریم کورٹ کے فیصلے میں نبی کریم ﷺ کی سنت کا حوالہ بھی دیا گیا اور کہا گیا کہ اس سے حق مہر کی فلسفیانہ اور عملی اہمیت واضح ہوتی ہے۔

فیصلے کے مطابق نبی کریم ﷺ نے کبھی حق مہر کو محض رسمی کارروائی نہیں سمجھا بلکہ اس بات پر زور دیا کہ ہر شادی میں شوہر کی استطاعت کے مطابق حق مہر مقرر کیا جائے۔

عدالت نے مشاہدہ کیا کہ نبی کریم ﷺ نے حق مہر کی مقدار میں اعتدال کی ترغیب دی اور غیر ضروری فضول خرچی کی مذمت کی۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ ﷺ نے بیوی کے ملکیتی حق کو مستقل طور پر تسلیم کیا۔

نکاح نامے کے اندراج سے متعلق نکاح رجسٹراروں کو ہدایات
دریں اثنا، جسٹس شاہد بلال حسن نے اپنے اضافی نوٹ میں مسلم فیملی لاز آرڈیننس 1961 اور متعلقہ قواعد پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کیں۔ ان ہدایات کا مقصد نکاح کی شرائط کو درست اور غیر مبہم انداز میں ریکارڈ کرنا بھی ہے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق نکاح رجسٹرار اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ نکاح نامے کے تمام متعلقہ خانے مکمل اور احتیاط کے ساتھ پُر کیے جائیں۔ کسی بھی خانے کو قانونی جواز کے بغیر خالی نہیں چھوڑا جائے گا اور نہ ہی اسے غیر ضروری سمجھا جائے گا، کیونکہ نکاح نامے میں ہر خانہ ایک مخصوص مقصد کے لیے شامل کیا گیا ہے۔

حق مہر سے متعلق خانہ نمبر 13 سے 16 تک کی تفصیلات درج کرتے وقت خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ رجسٹرار اس امر کو یقینی بنائے گا کہ ان خانوں میں فریقین کے درمیان طے پانے والے اصل معاہدے کی واضح عکاسی ہو۔

حق مہر کی تفصیلات درج کرنے کا طریقہ
سپریم کورٹ نے ہدایت کی کہ خانہ نمبر 13 میں فریقین کے درمیان طے پانے والے حق مہر کی کل مقدار واضح طور پر درج کی جائے، خواہ حق مہر نقد رقم، منقولہ جائیداد یا غیر منقولہ جائیداد کی صورت میں ہو۔

اگر حق مہر کے طور پر کوئی جائیداد دینے پر اتفاق ہوا ہو تو خانہ نمبر 16 میں اس جائیداد کی شناخت کے لیے کافی تفصیلات درج کی جائیں، جن میں جائیداد کی نوعیت، پیمائش، محل وقوع اور طے شدہ مالیت شامل ہو، اگر فریقین کے درمیان مالیت پر اتفاق ہوا ہو۔

نکاح رجسٹرار دستخط یا انگوٹھے کے نشانات لینے سے قبل متعلقہ اندراجات فریقین کو پڑھ کر سنائے گا یا ان کی وضاحت کرےگا۔ یہ احتیاط بالخصوص ان اندراجات کے معاملے میں کی جائے گی جو حق مہر، خصوصی شرائط، تفویض حق طلاق یا حق مہر کے طور پر دی جانے والی کسی جائیداد سے متعلق ہوں۔

عدالت نے واضح کیاکہ ان ہدایات کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ نکاح نامہ فریقین کے درمیان طے پانے والے اصل معاہدے کی عکاسی کرے۔

’خانہ نمبر 17 میں درج کی جانے والی کسی بھی خصوصی شرط کو واضح انداز میں تحریر کیا جائے گا۔ رجسٹرار فریقین کی جانب سے طے کی گئی شرط ہی درج کرے گا اور اپنی طرف سے کوئی اضافی شرط شامل نہیں کرے گا۔‘

سپریم کورٹ نے کہا کہ نکاح رجسٹرار کسی مفروضے یا اپنی ذاتی سمجھ بوجھ کی بنیاد پر کوئی اندراج نہیں کرے گا۔ اگر فریقین کے درمیان طے پانے والا معاہدہ واضح نہ ہو تو متعلقہ خانہ مکمل کرنے سے قبل فریقین سے وضاحت طلب کی جائے گی۔

نکاح نامے کے ریکارڈ کی تصدیق اور محفوظ رکھنے کی ہدایت
عدالت نے ہدایت کی کہ نکاح نامہ مکمل ہونے اور اس پر دستخط کیے جانے کے بعد رجسٹرار ریکارڈ کی مناسب تصدیق اور حفاظت کرے گا، میاں بیوی کو اس کی نقول فراہم کرے گا اور قانون کے مطابق متعلقہ یونین کونسل کو مطلوبہ نقل ارسال کرے گا۔

سپریم کورٹ نے متعلقہ مجاز حکام، بالخصوص یونین کونسل کے چیئرمین یا سیکریٹری کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام لائسنس یافتہ نکاح رجسٹرار مقررہ نکاح نامے کے ہر خانے کے قانونی مقصد اور اسے درست طریقے سے پُر کرنے کے طریقہ کار سے پوری طرح واقف ہوں۔

عدالت نے خاص طور پر خانہ نمبر 13 سے 16 تک کی تکمیل پر توجہ دینے کی ہدایت کی۔

فیصلے میں کہا گیا کہ نکاح رجسٹراروں کی وقتاً فوقتاً تربیت یا رہنمائی کا انتظام کیا جائے تاکہ مقررہ فارم کو محض رسمی یا میکانکی انداز میں پُر نہ کیا جائے اور فریقین کے درمیان طے پانے والی شرائط کو درست طور پر درج کیا جا سکے۔

متعلقہ مجاز حکام، بالخصوص سیکریٹری، نکاح رجسٹراروں کے زیر انتظام رکھے جانے والے رجسٹروں کا وقتاً فوقتاً معائنہ کریں گے تاکہ آرڈیننس، قواعد اور لائسنس کی شرائط پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

سپریم کورٹ نے مزید قرار دیا کہ اگر کوئی نکاح رجسٹرار اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہتا ہے یا اپنے لائسنس کی شرائط کی خلاف ورزی کرتا ہے تو متعلقہ مجاز اتھارٹی قانون کے مطابق کارروائی کرےگی۔

WhatsApp
Get Alert