پشتونوں پر تجارت اور روزگار کے دروازے بند کرنا معاشی قتل عام کے مترادف ہے: نواب ایاز خان جوگیزئی

متحد ہوکر اپنے وطن اور قوم کے مستقبل کی حفاظت نہ کی تو تاریخ معاف نہیں کرے گی، محمود خان اچکزئی کی تجاویز پر عملدرآمد ناگزیر ہے


موجودہ حالات کی ذمہ دار فارم 47 کی حکومت ہے جو گڈ گورننس، قیامِ امن اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل ناکام ہو چکی ہے
چمن (ڈیلی قدرت) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب ایاز خان جوگیزئی کے زیر صدارت پشتون قومی جرگہ جنوبی پشتونخوا کے اعلامیہ کی روشنی میں ضلع چمن کا مشاورتی جرگہ چمن کے آریانہ ہوٹل میں منعقد ہوا۔ جرگہ کے سٹیج سیکرٹری کے فرائض پشتونخوامیپ کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال نے سرانجام دیئے جبکہ تلاوت کلام پاک کی سعادت مولوی شراف الدین نے حاصل کی۔ جرگہ سے پشتونخوامیپ کے مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی اور حاجی خدائے میر آکا نے بھی خطاب کیا۔
صدر مجلس نواب ایاز خان جوگیزئی نے مشاورتی جرگہ سے افتتاحی خطاب میں پشتونخوا وطن میں درپیش صورتحال، سخت ترین بدامنی، تمام قومی اور صوبائی شاہراہوں کا سفر کے لیے غیر محفوظ ہونے، پشتونخوا وطن کے قومی معدنی، آبی اور جنگلی وسائل پر قبضہ کرنے کے لیے لوگوں کو اپنے آبائی وطنوں سے ہجرت کرنے پر مجبور کرنے کی جاری پالیسی، پشتونوں کے معاشی قتل عام، تجارت، کاروبار اور روزگار سے محروم رکھنے اور مسافری و مزدوری پر مجبور کرنے کی رواں صورتحال پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ جرگہ کے شرکاء نے کمیٹی کے انتخاب کے لیے ناموں کی تجاویز پیش کیں جس کا اجلاس ہوا اور ورکنگ کمیٹی کے سربراہ و ایگزیکٹیوز کے انتخاب کے لیے نواب ایاز خان جوگیزئی کو مکمل اختیار دیا گیا اور دعائے خیر کی گئی۔
نواب ایاز خان جوگیزئی نے جرگہ شرکاء و کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام پشتونخوا وطن اور ملک میں پشتون عوام کی حالت زار ہمارے سامنے ہے، پشتون جس اذیت سے دوچار ہیں وہ ناقابل بیان ہیں، اگر ہم نے اتحاد و اتفاق اور متحد ہوکر اپنے وطن اور قوم کے مستقبل کی حفاظت نہ کی تو تاریخ پھر ہمیں معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ جرگوں کا انعقاد پشتون قومی جرگہ بنوں منعقدہ 11 تا 14 مارچ 2022 کے اعلامیہ کی روشنی میں جاری ہے۔ جنوبی پشتونخوا کے تمام ڈویژنز و اضلاع میں جرگوں کا انعقاد کیا گیا اور پھر اس کے بعد تین دن تک رات گئے کوئٹہ کے گرینڈ کبابش ہال میں جنوبی پشتونخوا کے عوام کا جرگہ جاری رہا جس میں ہم نے تمام معززین، شرکاء اور ہر مکتبہ فکر کی آراء اور تجاویز سنیں اور پھر اس جرگہ میں یہ فیصلہ ہوا کہ تمام اضلاع میں مشاورتی جرگوں کا انعقاد اور ورکنگ کمیٹیوں کی تشکیل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کوئٹہ کا جرگہ منعقد ہوا، آج چمن اور پھر سلسلہ وار دیگر اضلاع میں مشاورتی جرگوں کا انعقاد کیا جائے گا اور اس کے ذریعے ورکنگ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جو ہماری قوم کی آپس کی چھوٹی بڑی رنجشوں، قبائلی مسئلوں کو حل کرنے اور ہر شعبہ زندگی میں اپنی خدمات کو سرانجام دینے میں اپنا کردار ادا کریں گی اور ہماری عوام نے ان منتخب کمیٹیوں پر اعتماد اور ان کا بھرپور ساتھ دینا ہوگا۔
نواب ایاز خان جوگیزئی نے مزید کہا کہ پشتونوں پر آج تجارت، کاروبار اور روزگار کے دروازے بند کیے جارہے ہیں، چمن میں بارڈر ٹریڈ کی بندش اور پابندیوں کے جو غیر آئینی، غیر قانونی اور پشتون دشمن فیصلے ہوئے اس نے نہ صرف چمن بلکہ تمام جنوبی پشتونخوا کے عوام کی معیشت متاثر کی۔ آج چمن کے ہزاروں خاندانوں کو نان شبینہ کا محتاج بنایا گیا ہے۔ حکومت کے تجارت اور روزگار پر پابندی کے اقدامات لاکھوں پشتونوں کے معاشی قتل عام اور بدامنی کو فروغ دینے کے مترادف ہیں، ہم چمن کے عوام کے ساتھ ہر موقع پر کھڑے رہے ہیں اور چمن کے عوام آئندہ بھی جو فیصلہ کریں گے ہم ان کے ساتھ ہر سطح پر کھڑے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مائنز و منرل ایکٹ لاگو کر کے اور دہشتگردی و بدامنی مسلط کرکے ہمارے عوام کے وسائل، زمینوں، جنگلات اور معدنیات کو لوٹنے اور قبضہ گیری کے لیے خوف و ہراس پھیلایا جارہا ہے۔ ہنہ اوڑک، زیارت، شاہرگ، ہرنائی، دکی و دیگر اضلاع و علاقوں میں دہشت گردانہ واقعات اور ان میں بے گناہ انسانی جانوں کا ضیاع، شاہراہوں کا غیر محفوظ ہونا، اغواء کاری، چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں نے شہریوں کے جان و مال کو سنگین خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ اور اس تمام صورتحال کی ذمہ دار فارم 47 کی حکومت ہے جو گڈ گورننس، امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

WhatsApp
Get Alert