کوئٹہ کے تجارتی مراکز میں غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ ناقابل قبول ہے: پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی
لیاقت بازار اور قندہاری بازار سمیت ملحقہ علاقوں میں بجلی کی بندش سے تاجروں کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے

کیسکو حکام فوری نوٹس لیں بصورت دیگر تاجر برادری کے ساتھ مل کر سخت احتجاج کیا جائے گا: ضلعی بیان
کوئٹہ (ڈیلی قدرت) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں کوئٹہ شہر، بالخصوص لیاقت بازار، ستار روڈ، قندہاری بازار، چوہڑمل روڈ اور ملحقہ تجارتی علاقوں میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری کئی کئی گھنٹوں کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ شہر کے مرکزی اور گنجان آباد تجارتی علاقوں میں طویل دورانیے کی بجلی کی بندش ناقابلِ قبول ہے۔ لیاقت بازار، ستار روڈ، چوہڑمل روڈ اور قندہاری بازار شہر کے اہم کاروباری مراکز ہیں، جہاں ہزاروں دکاندار اور کاروباری افراد روزانہ اپنا کاروبار کرتے ہیں۔ پہلے ہی مہنگائی، معاشی مشکلات اور کاروباری سرگرمیوں میں کمی کے باعث تاجر برادری شدید پریشانی سے دوچار ہے، ایسے میں کئی کئی گھنٹوں کی بجلی کی بندش نے ان کے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
بیان میں کہا ہے کہ صارفین ہزاروں سے لاکھوں روپے کے بجلی کے بل باقاعدگی سے ادا کرتے ہیں، لیکن اس کے باوجود انہیں بنیادی سہولت یعنی مسلسل بجلی کی فراہمی سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر، دکانداروں کا قیمتی وقت اور سرمایہ ضائع جبکہ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ کیسکو کی جانب سے بجلی کی فراہمی کے نظام اور لوڈشیڈنگ کے حوالے سے واضح اور قابلِ عمل شیڈول فراہم نہ کرنا اور شہریوں کو مسلسل اذیت میں مبتلا رکھنا انتہائی تشویشناک امر ہے۔ متعلقہ حکام کو چاہیے کہ وہ محض اعلانات کے بجائے عملی اقدامات اٹھائیں اور شہر کے مرکزی علاقوں میں بجلی کی بلاجواز بندش کا فوری خاتمہ کریں۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ نے کیسکو کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ حکامِ بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ لیاقت بازار، ستار روڈ، قندہاری بازار اور دیگر متاثرہ علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیا جائے، بجلی کی فراہمی بحال اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم کیا جائے۔
بیان میں واضح کیا گیا کہ اگر شہریوں اور تاجر برادری کو فوری ریلیف فراہم نہ کیا گیا اور بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ جاری رہا تو پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ عوام اور تاجر برادری کے ساتھ مل کر احتجاجی لائحۂ عمل اختیار کرنے پر مجبور ہوگی، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔
پشتونوں پر تجارت اور روزگار کے دروازے بند کرنا معاشی قتل عام کے مترادف ہے: نواب ایاز خان جوگیزئی
متحد ہوکر اپنے وطن اور قوم کے مستقبل کی حفاظت نہ کی تو تاریخ معاف نہیں کرے گی، محمود خان اچکزئی کی تجاویز پر عملدرآمد ناگزیر ہے
موجودہ حالات کی ذمہ دار فارم 47 کی حکومت ہے جو گڈ گورننس، قیامِ امن اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل ناکام ہو چکی ہے
