سعودی عرب کی خودمختاری اور مقدس مقامات کے تحفظ کیلئے ہمیشہ ساتھ کھڑے ہیں، وزیراعظم

دونوں برادر ممالک کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے اور تاریخی مکہ معاہدے پر دستخط دونوں ریاستوں کی سلامتی کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتے ہیں؛ سعودی عرب کے 96 ویں قومی دن پر پیغام


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور مقدس مقامات کے تحفظ کیلئے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے 96 ویں قومی دن کے موقع پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور برادر سعودی عوام کو پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے دلی مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کی ہیں، اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ تعلقات، سٹریٹجک شراکت داری اور تزویراتی تعاون کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کا بھائی چارہ مشترکہ ایمان، باہمی اعتماد اور عوامی روابط کے مضبوط رشتوں پر قائم ہے، سعودی عرب میں ہونے والا تاریخی ترقیاتی اور اصلاحاتی سفر پاکستان کے لیے بھی باعثِ فخر اور مشعلِ راہ ہے، پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ اپنی پائیدار اور آزمودہ دوستی پر ہمیشہ فخر رہا ہے، دونوں برادر ممالک کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے اور تاریخی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط دونوں ریاستوں کی سلامتی کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ حرمین شریفین اور حرمین الشریفین کی سرزمین کی سلامتی دنیا بھر کے مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ہے اور حوثی باغیوں کی جانب سے مکہ مکرمہ پر ڈرون و میزائل حملوں کی کوششوں کی پاکستان نے ہمیشہ سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے، پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، جغرافیائی سلامتی اور مقدس مقامات کے دفاع کے لیے ہمیشہ اپنے برادر ملک کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

WhatsApp
Get Alert