کنک وادی میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی قابلِ تحسین ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ کے علاقے کنک وادی میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کارروائی کے دوران 9 دہشت گردوں کو ہلاک کرنا سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی کو بروقت اور مؤثر انداز میں ناکام بنایا۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور 3 موٹرسائیکلوں کی برآمدگی بھی ایک اہم کامیابی ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران زخمی ہونے والے سیکیورٹی فورسز کے جوان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک حکومت اور عوام سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دہشت گرد عناصر بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔ بلوچستان کے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور صوبے میں امن کے قیام کے لیے ریاستی ادارے پوری قوت سے سرگرم ہیں۔
