تین اہم شخصیات نے پی ٹی آئی قیادت کو عمران خان سے ملاقات کی پیشکش کی تھی، ایازصادق کا انکشاف
سوشل میڈیا کے خوف سے نہ اپوزیشن لیڈر نے حامی بھری، نہ ہی بیرسٹر گوہر کو ملاقات کی اجازت دی گئی؛ سپیکر قومی اسمبلی کی گفتگو

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے انکشاف کیا ہے کہ تحریکِ انصاف کے اراکینِ پارلیمنٹ سوشل میڈیا کے شدید ردِعمل اور تنقید کے خوف سے خود بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کرنے سے انکاری ہیں، حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے متعدد بار ملاقات کی پیشکش کی گئی۔
ہم نیوز کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہا ہوں اور اپوزیشن کے اراکین اکثر حالات بہتر بنانے اور عمران خان سے ملاقاتیں کروانے کی خواہش ظاہر کرتے ہیں، ایک بار وزیر داخلہ محسن نقوی کا فون آیا جنہوں نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے پیشکش کی لیکن جب عمران خان کے بھتیجے کو بھیجنے کی تیاری ہوئی تو عمران خان کی ہمشیرہ نے انہیں جانے سے روک دیا۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے سوال پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایڈیٹر انویسٹی گیشن ہم نیوز زاہد گشکوری سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تین اہم شخصیات نے پی ٹی آئی قیادت کو کانفرنس کال کے ذریعے بانی سے ملاقات کی پیشکش کی تھی، لیکن سوشل میڈیا کے خوف سے نہ اپوزیشن لیڈر نے… pic.twitter.com/YnlRCixW9r
— HUM News (@humnewspakistan) September 22, 2026
ایاز صادق کا کہنا ہے کہ ایک موقع پر میں خود، وزیر داخلہ محسن نقوی اور بیرسٹر گوہر کانفرنس کال پر موجود تھے، بیرسٹر گوہر کے ساتھ اسد قیصر و دیگر رہنما بھی بیٹھے ہوئے تھے، پی ٹی آئی قیادت کو پیشکش کی کہ بیرسٹر گوہر یا دیگر سینئر رہنماء عمران خان سے ملنے چلے جائیں لیکن سوشل میڈیا کی لعن طعن کے ڈر سےانہیں روک دیا گیا، اس کے بعد جب قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اپوزیشن لیڈرز کو بھیجنے کی تجویز دی گئی تو انہوں نے بھی یہ کہہ کر جانے سے انکار کر دیا کہ سوشل میڈیا پر ان کے خلاف شدید تنقید کی مہم شروع ہو جائے گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے واضح کیا کہ اس بات کی تصدیق خود وزیر داخلہ محسن نقوی اور بیرسٹر گوہر بھی کر چکے ہیں، میں بیرسٹر گوہر کو اس چیز کا ذمہ دار نہیں ٹھہراتا کیونکہ وہ تو حالات بہتر کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں لیکن ان کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں اور پارٹی کے اراکین سوشل میڈیا ٹرولنگ کے خوف کی وجہ سے اہم فیصلے کرنے سے ہچکچاتے ہیں۔
