ایک دن آئے گا کہ خیبرپختونخواہ میں پی ٹی آئی کا نام و نشان مٹ جائے گا، عطا تارڑ

میں کہتا تھا دن بدل جائیں گے اور آپ کی دوڑیں لگیں گی، ایسا دوڑیں گے کہ رکنے کو نہیں آئیں گے، یہ پتہ نہیں کیسے لوگ ہیں، یہ روتے پہلے ہیں بات بعد میں کرتے ہیں؛ وفاقی وزیر اطلاعات کا پشاور میں خطاب


پشاور(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان تحریکِ انصاف پر سخت تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایک وقت ایسا آئے گا جب خیبرپختونخواہ کی سرزمین سے پی ٹی آئی کا نام و نشان مکمل طور پر مٹ جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وہ پشاور میں مسلم لیگ ن کے رکنِ صوبائی اسمبلی جلال خان کے دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے جہاں وفاقی وزیر نے پاکستان تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لیا، اس تقریب میں سابق گورنر پنجاب اقبال ظفر جھگڑا، ن لیگ کے رہنماء اختیار ولی خان اور دیگر مسلم لیگی رہنماؤں نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں عطاء اللہ تارڑ نے پی ٹی آئی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ میں کہتا تھا کہ دن بدل جائیں گے اور آپ کی دوڑیں لگیں گی، ایسا دوڑیں گے کہ رکنے کو نہیں آئیں گے، ہماری قیادت نے بھی جیلیں کاٹیں اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن سر ہمیشہ اونچا رکھا، یہ پتہ نہیں کیسے لوگ ہیں جو بات بعد میں کرتے ہیں اور روتے پہلے ہیں۔
وزیرِ اطلاعات نے پی ٹی آئی کی خیبرپختونخواہ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ٹک ٹاک کی سیاست قرار دیا، انہوں نے طنز کیا کہ سیاست یہ نہیں ہوتی کہ شفیع جان ہیلی کاپٹر سے اترے، ادائیں مارتا ہوا اور بندہ فون لے کر اس کی ویڈیو بنانے کے لیے چھپ کر کھڑا ہو، یہ صرف سوشل میڈیا کی سیاست ہے، سیاسی میدان میں آ کر عوام کی خدمت کرنا اصل سیاست ہوتی ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ پی ٹی آئی ساڑھے چودہ سال صوبے میں حکومت کرنے کے باوجود ایک بھی بڑا اور یادگار ترقیاتی منصوبہ دینے میں ناکام رہی ہے، پشاور اسلام آباد موٹروے سمیت صوبے کے تمام بڑے اور اہم منصوبے مسلم لیگ ن اور نواز شریف کی مرہونِ منت ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب کی طرز پر خیبرپختونخواہ میں بھی جدید دانش اسکول قائم کیے جا رہے ہیں اور صحت کے شعبے کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔

WhatsApp
Get Alert