‘پاکستان سنگل ونڈو’ نے گھر بیٹھے بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت متعارف کرا دی

اسلام اآباد(قدرت روزنامہ)پاکستان سنگل ونڈو نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ساتھ اپنے پلیٹ فارم کو مربوط کر دیا ہے، جس کے بعد صارفین گھر بیٹھے اپنے اسمارٹ فونز کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق کا عمل مکمل کر سکیں گے۔

نئی سہولت کے تحت پاکستان سنگل ونڈو صارفین کو سبسکرپشن، سبسکرپشن کی تجدید اور پروفائل اپ ڈیٹ کے لیے بائیومیٹرک تصدیق کرانے کی خاطر نادرا کے ای سہولت مرکز جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

اس سے قبل پاکستان سنگل ونڈو کی خدمات کے لیے بائیومیٹرک تصدیق لازمی تھی اور صارفین کو ذاتی طور پر نادرا کے ای سہولت مرکز میں جانا پڑتا تھا تاہم پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ساتھ انضمام کے بعد اہل صارفین نادرا کی مقررہ شرائط کے تحت اب یہ تصدیقی عمل آن لائن مکمل کر سکیں گے۔

اس سہولت سے بالخصوص بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے جو ملک میں تجارتی سرگرمیوں سے وابستہ ہیں۔ اہل اوورسیز پاکستانی پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے پاکستان سنگل ونڈو کی بائیومیٹرک تصدیق گھر بیٹھے مکمل کر سکیں گے، جس سے اس مقصد کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی وطن آنے کی ضرورت کم ہو جائے گی۔

نئی سہولت کے نفاذ کے دوران صارفین کی آسانی کے لیے عبوری مدت میں بائیومیٹرک تصدیق کے دونوں طریقے دستیاب رہیں گے۔ صارفین پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے ڈیجیٹل بائیومیٹرک تصدیق مکمل کرنے یا نادرا کے ای سہولت مراکز کا سابقہ طریقہ اختیار کرنے میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکیں گے۔

پاکستان سنگل ونڈو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید آفتاب حیدر کا کہنا ہے کہ نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ساتھ انضمام پاکستان اور بیرونِ ملک پاکستان سنگل ونڈو صارفین کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں بہتر سہولیات فراہم کرنے کے ہمارے عزم کا اظہار ہے۔

آن بورڈنگ کے عمل میں نادرا مراکز نہیں جانا پڑے گا
انہوں نے کہا کہ ریموٹ بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت متعارف کرانے سے آن بورڈنگ کے عمل میں نادرا مراکز نہیں جانا پڑے گا، جس سے پاکستان سنگل ونڈو صارفین کا سفر مزید آسان، قابل رسائی اور صارف دوست ہو جائے گا۔

پاکستان سنگل ونڈو کے مطابق اس انضمام کے نتیجے میں سبسکرپشن کا پورا عمل ڈیجیٹل طریقے سے مکمل کیا جا سکے گا۔

یہ اقدام پی ایس ڈبلیو کی ڈیجیٹل سہولیات کے استعمال کو فروغ دینے، رسائی بہتر بنانے اور کاروباری اداروں کے لیے طریقہ کار کو مزید آسان بنانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔

WhatsApp
Get Alert