عمران خان نے غیرلچکدار رویہ اپنا کر اپنی پارٹی سمیت سب کی پاور پولیٹکس ختم کردی، حامد میر

ارباب اختیار کا خیال تھا عمران خان کو سیاست سے مائنس کریں گے، اس کو جیل میں ڈالیں گے تو وہ ختم ہو جائے گا، ایسا نظر نہیں آرہا، ایک شخص عمران خان کے گرد پاکستان کی سیاست گھوم رہی ہے؛ سینئر صحافی کا تجزیہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)معروف صحافی اور سینئر تجزیہ کار حامد میر نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتِ حال اور پاکستان تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ کے حوالے سے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاقتور حلقوں اور حکومت کا بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سیاست سے مائنس کرنے کا فارمولا مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ اپنے ایک ویلاگ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اربابِ اختیار کا خیال تھا عمران خان کو جیل میں ڈال کر ان کا سیاسی باب بند کر دیا جائے گا لیکن عملی طور پر ایسا بالکل نظر نہیں آ رہا، اس وقت پورے پاکستان کی سیاست عمران خان کے گرد گھوم رہی ہے، جہاں ایک طرف پوری حکومت اور اتحادی انہیں ہر قیمت پر جیل کے اندر رکھنے کے لیے زور لگا رہے ہیں، وہاں دوسری طرف پوری اپوزیشن ان کی رہائی کے لیے متحد ہو کر جدوجہد کر رہی ہے، عمران خان صرف ملک کے اندر ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک انتہائی مقبول رہنما کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں۔

سینئر صحافی نے پاور پولیٹکس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں روایتی پاور پولیٹکس اب اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے، عمران خان کے غیر لچکدار اور ڈٹے رہنے کے رویے نے پارٹی سمیت دیگر تمام قوتوں کی روایتی سیاست کو ختم کر دیا ہے، پہلے ایک مفروضہ تھا کہ جس کے پیچھے امریکی اشارہ ہو وہ حکومت قائم رہتی ہے لیکن اگر موجودہ حکومت واقعی عوام میں مقبول ہوتی تو اسے کنٹینرز کے پیچھے چھپنے کی ضرورت نہ پڑتی، گلگت بلتستان سے لے کر بلوچستان تک ملک بھر کا نوجوان طبقہ ایک پیج پر آ چکا ہے اور ان کا ایک ہی فکری بیانیہ ہے، جس سے حکمران اشرافیہ شدید خوفزدہ ہے۔

پی ٹی آئی کے اندرونی فیصلے اور 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے حوالے سے حامد میر نے سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ پارٹی کے اندر کچھ اراکین کی رائے تھی کہ نئے صوبوں کی حمایت کرکے عمران خان کیلئے کچھ ریلیف حاصل کیا جائے، تاہم اکثریت نے اسے نامناسب وقت قرار دے کر رد کردیا، اس کے بعد حکومت کی جانب سے عمران خان کو ریلیف کی پیشکش کرکے لانگ مارچ روکنے کی شدید کوششیں کی گئیں لیکن پی ٹی آئی نے اس پیشکش کو ٹھکرا دیا کیونکہ عمران خان نے ہر صورت لانگ مارچ کو حتمی شکل دینے اور اسلام آباد کی طرف پیش قدمی کا واضح حکم جاری کر رکھا ہے۔

WhatsApp
Get Alert