وائٹ ہاؤس میں میڈیا پر پابندی، امریکی عدالت نے ٹرمپ کا حکم روک دیا

واشنگٹن (قدرت روزنامہ)امریکی وفاقی جج نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سی این این، ایم ایس ناؤ اور پولیٹیکو کے صحافیوں کو وائٹ ہاؤس میں داخلے سے روکنے کے حکم پر عمل درآمد معطل کرتے ہوئے تینوں اداروں کی صحافتی رسائی فوری بحال کرنے کا حکم دے دیا۔
وفاقی جج ٹموتھی کیلی نے قرار دیا کہ تینوں میڈیا اداروں پر پابندی عائد کرنے کا اقدام بادی النظر میں آئین سے متصادم ہے۔ عدالت نے انتظامیہ کو 14 روز تک پابندی نافذ کرنے سے بھی روک دیا۔
عدالت نے امریکی حکومت کا یہ مؤقف مسترد کیا کہ میڈیا اداروں پر پابندی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری تھی۔ جج کے مطابق ریکارڈ میں ایسا قابلِ اعتماد ثبوت موجود نہیں جس سے ثابت ہو کہ صحافیوں کے مستقل پریس پاس منسوخ کرنے سے قومی سلامتی کا تحفظ ہوگا۔
سی این این، ایم ایس ناؤ اور پولیٹیکو نے وائٹ ہاؤس کی پابندی کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اقدام امریکی آئین کی پہلی ترمیم میں دی گئی آزادیٔ اظہار و صحافت اور قانونی کارروائی کے حق کی خلاف ورزی ہے۔
