وزیر داخلہ محسن نقوی کا اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا دورہ، شہری سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لیا، تجاوزات فوری طور پر ختم کرنے کا حکم

اسلام آباد( قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور شہر کی مجموعی صورتحال، شہری سہولیات اور صفائی و خوبصورتی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکولز، ہوٹلز اور دیگر عوامی مقامات کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔

وفاقی وزیرداخلہ نے اسلام آباد شہر میں ہر قسم کی تجاوزات فوری طور پر ختم کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ شہر میں کسی بھی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ تمام تجاوزات کو بلاامتیاز فوری طور پر ہٹایا جائے۔ وفاقی وزیرداخلہ نے اسلام آباد کی تمام سڑکوں کی بیوٹیفیکیشن کا منصوبہ فوری شروع کرنے کی ہدایت کی ۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سڑکوں، گرین بیلٹس، میڈینز اور دیگر خالی مقامات کی خوبصورتی پر خصوصی توجہ دی جائے۔وفاقی وزیر داخلہ نے خالی مقامات پر بڑے پیمانے پر پودے لگانے کے احکامات دیئے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہر کی گرینری کو مزید بہتر بنایا جائے۔اسلام آباد کو ہر لحاظ سے کیپٹل سٹی نظر آنا چاہیے۔ اسلام آباد پاکستان کا دارالحکومت ہے اور شہر کی صفائی، خوبصورتی اور شہری سہولیات اس کے شایانِ شان ہونی چاہئیں۔ شہر کی بیوٹیفیکیشن پر خصوصی توجہ دی جائے اور شہری سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات تیز کیے جائیں۔

چیف کمشنر اسلام آباد اور متعلقہ افسران بھی وفاقی وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے۔

WhatsApp
Get Alert