کیچ میں فائرنگ کے تین مختلف واقعات، سندھ سے تعلق رکھنے والے دو کیلے فروشوں سمیت 4 افراد جاں بحق

کلاتک میں آر ایچ سی کے سامنے نامعلوم مسلح افراد نے ریڑھی بانوں کو نشانہ بنایا، مقتولین صدام اور ظہیر علی کا تعلق کشمور اور نواب شاہ سے تھا


دشت اور تمپ میں بھی نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے دو مقامی افراد قتل، پولیس کی تفتیش جاری
تربت (ڈیلی قدرت) کیچ کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے تین الگ واقعات میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔کلاتک میں آر ایچ سی کے سامنے نامعلوم مسلح افراد نے کیلے فروخت کرنے والے دو غیر مقامی ریڑھی بانوں پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ مقتولین کی شناخت صدام ولد عبدالحق رند، سکنہ شہید بینظیر آباد سندھ، اور ظہیر علی ولد کبیر علی، سکنہ کشمور سندھ کے نام سے ہوئی ہے۔دشت کے علاقے چیری کنچتی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے عبدالوہاب ولد لال بخش، سکنہ چیری کنچتی حال بہمن جاں بحق ہوگئے۔ادھر تمپ کے علاقے رودبن میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے شے حق ولد محمد عظیم، سکنہ خشک آباد رودبن جاں بحق ہوگئے۔پولیس نے تمام واقعات میں ضروری کارروائی کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کردیں، جبکہ فائرنگ کے واقعات کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

WhatsApp
Get Alert