بلوچستان کی پہلی ماس ٹرانزٹ ٹرین جناح پیپلز ٹرین عوام کی خدمت کے لیے تیار

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان کی پہلی ماس ٹرانزٹ ٹرین جناح پیپلز ٹرین عوام کو سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار ہوگئی ہے، جبکہ ٹرین کے لیے 32 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن مکمل کرلی گئی ہے۔
جناح پیپلز ٹرین کے 32 کلومیٹر طویل ٹریک کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ صرف 120 روز میں مکمل کیا گیا ہے، جس پر مجموعی طور پر 3 ارب روپے لاگت آئی ہے۔ منصوبے کے تحت کچلاک سے سریاب تک ٹرین کے روٹ پر 7 اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
جناح پیپلز ٹرین کے روٹ میں کچلاک، بلیلی، شیخ ماندا، جی او آر، کوئٹہ، لور کاریز اور سریاب اسٹیشن شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جناح پیپلز ٹرین منصوبے کی تکمیل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے جلد عوام کے لیے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ جناح پیپلز ٹرین کوئٹہ اور گردونواح کے شہریوں کے لیے محفوظ، آرام دہ اور کم خرچ سفری سہولت فراہم کرے گی۔ ٹرین سروس سے طلبہ، ملازمین، کاروباری افراد اور عام شہریوں کو روزمرہ سفر میں سہولت حاصل ہوگی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ جناح پیپلز ٹرین عوام کو جدید اور باوقار سفری سہولت فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ عوامی سہولیات کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ان کے ثمرات عوام تک پہنچانے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید سفری سہولیات کی فراہمی سے شہریوں کے وقت اور سفری اخراجات میں کمی آئے گی، جبکہ جناح پیپلز ٹرین سروس کوئٹہ اور گردونواح کے عوام کے لیے سفری سہولیات میں نمایاں بہتری لائے گی۔
