اس بار فیصلہ کن معرکہ ہوگا ، تحریک انصاف پھر کبھی اسلام آباد کا رخ نہیں کرے گی، وزیر دفاع

یہ لوگ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو سومنات کے مندر سے تشبیبہ دے رہے ہیں لیکن یہ ان کی آخری کوشش ہوگی، وفاقی وزیر کی گفتگو


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی والے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو سومنات کے مندر سے تشبیبہ دے رہے ہیں لیکن یہ ان کی آخری کوشش ہوگی، اس کے بعد یہ لوگ اس طرح کا رخ نہیں کر سکیں گے۔ اپنے ایک بیان میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس کوشش کے بعد پی ٹی آئی کے لوگ اس طرح اسلام آباد کا رخ نہیں کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ وفاقی حکومت کے وزرا متعدد مرتبہ واضح کر چکے ہیں کہ پی ٹی آئی کارکنوں کو اسلام آباد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
تحریک انصاف کی قیادت نے 10 اکتوبر تک لانگ مارچ ملتوی کرنے کی تجویز دے دی، پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور راستوں کی بندش حکومت کی بوکھلاہٹ اور تحریک کی کامیابی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف کی اعلیٰ سطحی قیادت کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بیرسٹر گوہر، سہیل آفریدی، اسد قیصر، سلمان اکرم راجہ، جنید اکبر ودیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں پی ٹی آئی قیادت کی اکثریت نے لانگ مارچ کو 5 سے 10 اکتوبر تک ملتوی کرنے کی تجویز دی۔ اجلاس میں حکومت کی جانب سے راستوں کی بندش کو حکومت کی بوکھلاہٹ قرار دیا گیا۔ اسلام آباد اور شاہراہیں راستے بند کرنے کو تحریک کی کامیابی قرار دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی قیادت کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کے کردار پر سخت تحفظات کا اظہار کیا گیا، پارٹی قیادت کے مطابق جے یو آئی (ف) اور پیپلزپارٹی سے رابطے میں ہے۔

WhatsApp
Get Alert