پاکستان کی جانب سے کس حکمران نے سب سے زیادہ بار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیا۔۔؟ دلچسپ اعداد و شمار

نیویارک( قدرت روزنامہ) پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے آج (25 ستمبر 2026) کو چوتھی بار خطاب کریں گے۔ قبل ازیں انہوں نے سال 2022، 2024 اور 2025 میں جنرل اسمبلی سے خطاب کیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کس سویلین یا فوجی حکمران نے سب سے زیادہ بار پاکستان کی نمائندگی کی؟ اس حوالے سے کافی دلچسپ اعداد وشمار سامنے آئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ریکارڈ کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے سب سے زیادہ خطاب کرنے والی پاکستانی شخصیات میں سابق وزیر خارجہ محمد ظفر اللہ خان سر فہرست ہیں۔ جنہوں نے ریکارڈ 8 بار جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی نمائندگی کی انہیں یہ اعزاز مسلسل 1948 تا 1954 اور پھر 1961 میں حاصل ہوا تھا۔
سویلین حکمرانوں میں3 بار پاکستان کے وزیراعظم رہنے والے نواز شریف نے اپنے 9سالہ دور اقتدار میں6 بار 1997 تا 1998 اور پھر 2013 تا 2016 میں جنرل اسمبلی سے خطاب کیا تھا۔
فوجی حکمرانوں میں صدر جنرل پرویز مشرف واحد حکمران تھے جنھوں نے بطور صدر مسلسل6 بار (2001 تا 2006) اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
جنرل ضیاء الحق نے اپنے 11سالہ اقتدار میں صرف ایک بار 1980ء میں جنرل اسمبلی سے خطاب کیا تھا۔ جنرل ضیاء الحق کے 11 سالہ دور اقتدار میں وزیر خارجہ صاحبزادہ یعقوب علی خاں و دیگر انکی نمائندگی کرتے رہے۔
صاحبزادہ یعقوب علی خاں نے 5بار 1982 تا 1986 اور ایک بار 1990ء میں بے نظیر بھٹو کی وزارت عظمیٰ کے دوران جنرل اسمبلی سے خطاب کیا تھا۔ اس طرح نواز شریف، پرویز مشرف کے بعد صاحبزادہ یعقوب خاں تیسری شخصیت ہیں جنھوں نے 6 بار جنرل اسمبلی سے خطاب کیا۔
صدر ایوب خاں نے محض 1 بار 1965ء میں جنرل اسمبلی میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
وزیراعظم عمران خاں نے3 بار جنرل اسمبلی سے خطاب کیا تھا۔ انہوں نے پہلا خطاب 2019 میں براہ راست نیویارک پہنچ کر جبکہ دوسری بار 2020 میں کوڈ۔19 کی وجہ سے پاکستان سے پری ریکارڈڈ تقریر کی تھی۔ اسی طرح 2021 میں بھی عمران خاں نے پاکستان سے جنرل اسمبلی سے ورچوئل خطاب کیا تھا۔
صدر آصف علی زرداری نے بھی3 بار 2008 ،2009 اور 2012 میں اقوام متحدہ میں جنرل اسمبلی سے خطاب کرنے آئے۔
جنرل ضیاء الحق کے دور میں بطور وزیر خارجہ آغا شاہی نے 1977 تا 1979 اور 1981ء چار بار جنرل اسمبلی پاکستان کی نمائندگی کی۔
محترمہ بے نظیر بھٹو محض 1 بار 1996ء میں جنرل اسمبلی سے خطاب کرنے کے لیے اقوام متحدہ آئیں. انکے دونوں ادوار میں یہ فریضہ انکے وزیر خارجہ سرانجام دیتے رہے جبکہ 1988ء میں ایک بار نصرت بھٹو نے جنرل اسمبلی میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے3 بار 1960، 1963 اور 1964 میں بطور وزیر خارجہ اور وزیر کے جنرل اسمبلی سے خطاب کیا تھا۔ بطور وزیراعظم وہ ایک بار بھی جنرل اسمبلی سے خطاب کرنے نہیں آئے۔ انکی وزارت عظمیٰ کے دور میں عزیز احمد نے3 بار 1973ء تا 1975 جبکہ نیاز اے نائیک نے 1976ء میں جنرل اسمبلی میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ جبکہ 1972ء میں رائے تری دیو نےپاکستان کی جانب سے جنرل اسمبلی سے خطاب کیا۔
اسی طرح صدر ایوب خاں کے دور میں شریف الدین پیرزادہ نے دو بار 1966 اور 1967 میں جنرل اسمبلی سے خطاب کیا. جبکہ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے 2 بار 2010ء اور 2018ء میں جنرل اسمبلی میں پاکستان کی نمائندگی کی. سابق وزیراعظم محمد خاں جونیجو نے محض 1 بار 1987ء میں جنرل اسمبلی سے خطاب کیا۔
ملک فیروز خان نون پاکستان کے ایسے وزیراعظم تھے جنھوں بھی 2 بار 1956 تا 1957 اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کی. پاکستان کے دیگر وزرائے اعظم جنھوں نے محض ایک بار جنرل اسمبلی سے خطاب کیا۔ ان میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی (2017)، محمد خاں جونیجو (1987) اور چوہدری محمد علی (1955) شامل ہیں۔
جبکہ بطور نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بھی ایک بار (2023) جنرل اسمبلی سے خطاب کیا۔ انہیں یہ منفرد اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ اب تک پاکستان کے نگران وزرائے اعظم میں واحد وزیراعظم ہیں جنہیں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرنے کا شرف حاصل ہوا ہے۔
