کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات 2026-28 مکمل، احمد گل کاکڑ صدر، مرزا خان خلجی سینئر نائب صدر اور جنگیان عیسیٰ دشتی نائب صدر منتخب منتخب

کارپوریٹ اور ایسوسی ایٹ کلاس کے تمام ایگزیکٹو اراکین بھی بلامقابلہ کامیاب، الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری


نومنتخب عہدیداران تاجر برادری کے مسائل کے حل اور قانونی تجارت کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے: الیکشن کمیشن
کوئٹہ (ڈیلی قدرت) کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بلوچستان کے سال 2026-28 کے انتخابات کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔ چیئرمین عبدالصمد اور ارکان سردار عبدالرحیم خلجی اور محمد یوسف مریانی پر مشتمل تین رکنی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، انتخابی شیڈول کے تحت انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مقررہ مدت کے اندر صرف ایک پینل نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے۔

جس کے نتیجے میں احمد گل کاکڑ صدر، مرزا خان خلجی سینئر نائب صدر اور جنگیان عیسیٰ دشتی نائب صدر کے عہدے پر بلامقابلہ منتخب قرار پائے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، انتخابات کے پہلے مرحلے میں کارپوریٹ کلاس کے لیے درج ذیل امیدوار بلامقابلہ ایگزیکٹو ممبر منتخب ہوئے: مرزا خان خلجی، سکندر خان، شہباز خان، محمد داؤد خلجی، عبدالہادی، سعد خان، نعمت اللہ، اشفاق احمد، محمد بلال مری، اجمل خان، زرق خان، محمد مدثر مہر، امین اللہ اور محمد نبیل۔
اسی طرح ایسوسی ایٹ کلاس میں احمد گل کاکک، جنگیان عیسیٰ دشتی، حاجی جانان خان اچکزئی، محمد گل، عالم زیب کاسی، نثار احمد خان، ملک شفیع اللہ، ظفر اللہ خان، سید محمد عظیم، احمد شاہ خان، محمد افضل، شبیر احمد، محمد مزمل اور سید صدیق اللہ بلامقابلہ ایگزیکٹو ممبر منتخب ہوئے۔

الیکشن کمیشن نے اپنے نوٹیفکیشن میں واضح کیا کہ انتخابی عمل کا تمام تر طریقہ کار شفاف اور منظم انداز میں مقررہ انتخابی قواعد و ضوابط کے عین مطابق مکمل کیا گیا۔ وزارتِ تجارت کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریڈ آرگنائزیشنز (ڈی جی ٹی او) نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کوئٹہ کے نمائندے مولانا داد کو الیکشن مبصر مقرر کیا تھا، جنہوں نے مبصر کی حیثیت سے پورے انتخابی عمل کی نگرانی کی اور انتخابات کے مختلف مراحل کا بغور جائزہ لیا۔

دریں اثناء، الیکشن کمیشن کے چیئرمین عبدالصمد اور ارکان سردار عبدالرحیم خلجی اور محمد یوسف مریانی نے کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تمام عہدیداران کا بلامقابلہ انتخاب چیمبر کے اراکین اور عہدیداران کے مابین اتحاد، اتفاق اور باہمی اعتماد کی روشن مثال ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے منتخب ہونے والے عہدیداران صوبے کی تاجر برادری کو درپیش مسائل و چیلنجز کے حل اور قانونی تجارت کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور اور مؤثر کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ نومنتخب قیادت بلوچستان میں صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کی توقعات پر پورا اترے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران اور اراکین نے صوبے میں ہمیشہ قانونی تجارت کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں، جو کہ اس ادارے کا ایک نمایاں اور قابلِ فخر طرۂ امتیاز رہا ہے۔

WhatsApp
Get Alert