کوئٹہ پولیس افسران و اہلکاروں کے یونیفارم میں ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے اور سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد

محکمانہ خبریں، تصاویر اور ویڈیوز صرف پی آر او برانچ کے ذریعے جاری ہوں گی، میڈیا کو براہ راست انٹرویوز دینے سے گریز کیا جائے


ڈی آئی جی کوئٹہ کا نوٹیفکیشن جاری، خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی و محکمانہ کارروائی کا انتباہ
کوئٹہ(ڈیلی قدرت) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) کوئٹہ عمران شوکت نے پولیس افسران و اہلکاروں کی جانب سے یونیفارم میں ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے اور بغیر اجازت سوشل میڈیا پر محکمانہ مواد شیئر کرنے پر سختی سے پابندی عائد کرتے ہوئے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں تمام افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ محکمانہ خبریں، تصاویر، ویڈیوز اور دیگر معلومات صرف پی آر او (پبلک ریلیشنز آفیسر) برانچ کے ذریعے جاری کی جائیں، جبکہ میڈیا اداروں کو براہ راست انٹرویوز، بیانات یا سرکاری معلومات فراہم کرنے سے بھی سختی سے گریز کیا جائے۔
اعلامیے کے مطابق بارہا ہدایات کے باوجود یہ مشاہدے میں آیا ہے کہ بعض پولیس افسران و اہلکار مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پولیس کی سرکاری کارکردگی، آپریشنل اپ ڈیٹس اور محکمانہ مواد شیئر کررہے ہیں، جو کہ محکمے کے قواعد و ضابطے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ کسی بھی افسر یا اہلکار کو ڈی آئی جی کوئٹہ کے پی آر او کے ذریعے پیشگی منظوری کے بغیر ٹک ٹاک، فیس بک، انسٹاگرام، یوٹیوب یا دیگر کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ذاتی یا سرکاری تصاویر، ویڈیوز اور محکمانہ معلومات شیئر کرنے کی قطعی اجازت نہیں ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیس اہلکاروں، آپریشنز یا محکمانہ امور سے متعلق ایسا کوئی بھی مواد جو کوئٹہ پولیس کے وقار، نظم و ضبط یا مورال پر اثرانداز ہوسکتا ہو، اس کی اطلاع فوری طور پر پی آر او برانچ کو دی جائے۔ ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی و محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert