نوشکی میں آر سی ڈی شاہراہ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ، 2 افغان مہاجرین جاں بحق، 4 زخمی
احمد وال کے مقام پر افغان مہاجرین کی ڈبل کیبن پک اپ کو نشانہ بنایا گیا، لاشیں اور زخمی ہسپتال منتقل

پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا، ملزمان کی تلاش اور تحقیقات کا آغاز
نوشکی (ڈیلی قدرت) نوشکی میں آر سی ڈی شاہراہ N-40 پر احمدوال کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں دو افغان مہاجرین جاں بحق جبکہ چار افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق افغان مہاجرین کو لے جانے والی ایک ڈبل کیبن پک اپ کو اس وقت مسلح افراد کی جانب سے نشانہ بنایا گیا جب وہ آر سی ڈی شاہراہ پر سفر کر رہی تھی۔ اندھا دھند فائرنگ کے اس واقعے میں دو افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ چار دیگر افراد شدید زخمی ہوئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جنہوں نے جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں اور تمام زخمیوں کو فوری طور پر میر گل خان نصیر ٹیچنگ ہسپتال نوشکی منتقل کر دیا۔ واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
