حرمین شریفین ہمارے لئے ریڈ لائن ہے، شہبازشریف
حرمین شریفین کی حرمت وسلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، مکہ مکرمہ پر ڈرون حملوں کی کوشش نے مسلمانوں میں شدید غم وغصہ پیدا کیا، سعودی عرب پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں، وزیراعظم کا اقوام متحدہ میں خطاب

نیویارک(قدرت روزنامہ)اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف نے اقوام عالم پر واضح کیا ہے کہ حرمین شریفین ہمارے لئے ریڈ لائن ہے، حرمین شریفین کی حرمت وسلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، سعودی عرب پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 240 ملین پرامن پاکستانیوں کی یہاں نمائندگی کررہا ہوں۔
بدقسمتی سے فروری میں خلیج اور مشرق وسطیٰ کو جنگ نے اپنی لپیٹ میں لیا، اس دوران اسلام آباد میں واشنگٹن اور تہران کو مذاکرات کی میز پر لانا تاریخی پیشرفت کی ،فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں سے سفارتکاری کی راہ ہموار ہوئی۔عالمی معیشت کے مرکز آبنائے ہرمز اور باب المندب کو کھلا رہنا چاہیئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے جھوٹا بہانہ بنا کر پاکستان پر حملہ کیا، پاکستان نے آرٹیکل 51کے تحت اپنا دفاع کیا۔
پاکستان نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کا مقابلہ کیا۔ اور اس کو وہ سبق سکھایا جو کبھی نہیں بھولے گا۔ فیلڈ مارشل کی جرات مندانہ قیادت میں فوج نے بھارت بھرپور سخت جواب دیا۔صدر ٹرمپ کی ویژنری قیادت کے باعث جنوبی ایشیاء کے لاکھوں مسلمانوں کی جانیں بچ گئیں۔ دونوں ملک ایٹمی جنگ کے دہانے پر تھے، یقینی بنانا ہوگا کہ جنوبی ایشیاء دوبارہ ایسی صورتحال میں نہ پہنچے۔
اس لئے یقینی بنانا ہوگا کہ مسئلہ کشمیر حل ہوجائے، اقوام متحدہ کے تحت کشمیر میں استصواب رائے ہونا چاہیئے۔ کشمیر میں اجتماعی سزا دی جارہی ہے، کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، کشمیریوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کی سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا اور رہے گا۔انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت پانی سارے خطے کیلئے ہے، بھارت نے سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ ختم کیا تو اقوام متحدہ اور مصالحتی عدالت نے مسترد کردیا، پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کیا جاسکتا۔
پانی روکنے یا پانی کا رخ موڑنے کی کوشش کو اعلان جنگ سمجھا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حرمین شریفین ہمارے لئے ریڈ لائن ہے، حرمین شریفین کی حرمت وسلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، مکہ مکرمہ پر ڈرون حملوں کی کوشش نے دنیا بھر کے مسلمانوں میں شدید غم وغصہ پیدا کیا، سعودی عرب پر حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔مکہ معاہدہ کسی ملک کیخلاف نہیں بلکہ خطے میں امن کیلئے ہے۔لبنان اور شام کیخلاف اسرائیل کی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا ہماری مسلح افواج اور شہریوں کی وجہ سے ایک پرامن دنیا ہے، افغان سرزمین کو ٹی ٹی پی ، فتنہ الخوارج، بی ایل اے فتنہ ہندستان استعمال کررہی ہے، افغان سرزمین سے ہونے والے تمام حملے بند کرنا ہوں گے۔
