دكى:نانا صاحب زيارت كے علاقے ميں نامعلوم مسلح افراد كا كنسٹركشن كمپنى كيمپ پر حمله‘ ايك شخص جاں بحق‘ دو افراد زخمى‘12مزدور اغوا

دکی(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے ضلع دکی کے علاقے نانا صاحب زیارت پلڑی میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ پر حملہ کر دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق 40 سے 45 کے قریب مسلح افراد نے ایس ایم سی کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ پر دھاوا بولا، فائرنگ کے نتیجے میں کمپنی کا ایک سیکیورٹی گارڈ موقع پر جاں بحق جبکہ ایک راہگیر سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے مزدوروں کے شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد 12 مزدوروں کو اغوا کر کے اپنے ہمراہ لے گئے۔ اغوا ہونے والے مزدوروں میں 10 کا تعلق صوبہ پنجاب، ایک کا مقامی علاقے اور ایک کا تعلق خیبر پختونخوا سے بتایا جاتا ہے۔
حملہ آور جاتے ہوئے کیمپ میں موجود بھاری مشینری اور چار گاڑیوں کو بھی نذر آتش کر گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن اور واقعہ کی مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
