نیویارک فیشن ویک سے پلٹنے والی ڈیزائنر سے جم لباس پر سوال، نادیہ خان کڑی تنقید کی زد میں

لاہور(قدرت روزنامہ)معروف ٹی وی میزبان نادیہ خان کو مارننگ شو میں کامیاب فیشن ڈیزائنر پریشے عدنان کی عالمی کامیابیوں کو نظر انداز کر کے ان کے جم کے لباس پر غیر ضروری سوالات اٹھانے پر شدید عوامی تنقید کا سامنا ہے۔

عامر عدنان فیشن ہاؤس کی سی ای او پریشے عدنان حال ہی میں نیویارک فیشن ویک میں اپنا شو کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد پاکستان واپس لوٹی ہیں۔ اس شاندار کامیابی پر بات کرنے کے لیے انہیں نادیہ خان کے شو ’رائز اینڈ شائن‘ میں مدعو کیا گیا تھا۔

تاہم انٹرویو کے دوران میزبان نادیہ خان نے ڈیزائنر کی عالمی کامیابیوں پر بات کرنے کے بجائے ان کے جم جانے کے لباس پر سوالات شروع کر دیے۔

نادیہ خان نے پوچھا کہ کیا ان کے والدین انہیں اس طرح کا لباس پہننے کی اجازت دیتے ہیں۔ اسی دوران معاون میزبان زوہیب حسن نے بھی ان کی جسامت پر نامناسب تبصرہ کیا، جس کا جواب ڈیزائنر نے ایک الگ ویڈیو میں دیا۔

سوشل میڈیا کریئیٹرز کا سخت ردعمل
اس واقعے کے بعد انٹرنیٹ پر نادیہ خان کے خلاف تنقید کا طوفان کھڑا ہو گیا۔ خود پریشے نے شو کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ان کے چہرے پر میزبان کے سوالات سے ہونے والی الجھن واضح تھی۔

انفلوئنسر زویا زیدی نے نادیہ خان کی نقل اتارتے ہوئے والدین اور معاشرے سے متعلق ان کے متضاد بیانات کو طنز کا نشانہ بنایا۔

دوسری جانب عائشہ یوسف نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ میزبان کے پاس کیریئر اور جدوجہد پر پوچھنے کے لیے بہت کچھ تھا، لیکن انہوں نے صرف کپڑوں اور ’لوگ کیا کہیں گے‘ کی ذہنیت پر توجہ مرکوز رکھی۔

کمبلوں سے ڈمبلوں تک
معروف کامیڈین رمشا وسیم نے ایک دلچسپ ویڈیو بنائی جس میں وہ نادیہ خان کی پی آر مینیجر بن کر انہیں مشورہ دے رہی ہیں کہ وہ معافی مانگنے کے بجائے اسے معاشرے کی اقدار کا دفاع قرار دیں۔

انہوں نے اپنے کیپشن میں لکھا کہ ایک پاکستانی خاتون کتنی ہی کامیاب کیوں نہ ہو جائے، اسے ہمیشہ اس کے کپڑوں اور عمر تک محدود کر دیا جاتا ہے۔

يشال شاہد نے اس صورتحال کا ایک انوکھا اور مزاحیہ حل پیش کیا۔ انہوں نے کمبل اوڑھ کر وزن اٹھانے کی ویڈیو شیئر کی اور اسے ’کمبلوں سے ڈمبلوں تک‘ کا نام دیا، تاکہ خواتین کو قومی ٹیلی ویژن پر لباس کے حوالے سے سوالات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

WhatsApp
Get Alert