صوبے کا ہر شخص جانتا ہے دہشتگردی کون کروا رہا ہے، ان کے سر کا سودا کون کررہا ہے، سہیل آفریدی

ڈیرہ اسماعیل خان (قدرت روزنامہ) خیبر پختونخواہ کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت پر شدید لفظی حملے کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ کا ہر شہری خوب جانتا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی کون کروا رہا ہے اور ایک بار پھر پختونوں کے سر کا سودا کیا جا رہا ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے وفاقی وزراء اور وزیراعلیٰ پنجاب کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ ان کی جعلی وزیراعلیٰ بیانات دیتی ہیں کہ ہمیں بھارت سے کوئی خطرہ نہیں بلکہ باقی تین صوبوں سے خطرہ ہے، ان کا مچھڑ وزیر ٹی وی پر بیٹھ کر خیبرپختونخواہ کے غیرت مند لوگوں کو دہشت گرد قرار دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رجیم چینج کے فوراً بعد جب ہم نے امن پاسبان ریلیوں کے ذریعے خبردار کیا تھا کہ ایک پالیسی کے تحت یہاں دوبارہ دہشت گردوں کو آباد کیا جا رہا ہے، تو یہی مسخرے اور جوکر ٹی وی پر بیٹھ کر ہمارا مذاق اڑاتے تھے، کیونکہ تب تپش ان تک نہیں پہنچی تھی بلکہ ہماری عوام لہو لہان ہو رہی تھی، ہم خیبر پختونخواہ کے باشندے ہیں، ہماری مائیں، بہنیں اور بچے اس جنگ میں شہید ہو رہے ہیں، اس لیے ہمیں امن و امان کی حقیقی قیمت کا احساس ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری حکومت کس قدر سنجیدہ ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ہم نے حکومت میں آتے ہی ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کرکے 35 ارب روپے فوری طور پر پولیس فورس کو دیئے، موجودہ مالی سال میں سکیورٹی بجٹ 191 ارب روپے رکھا گیا ہے جو کہ گزشتہ بجٹ سے 104 فیصد زائد ہے۔
سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ خیبر پختونخواہ حکومت امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے میں پوری طرح سنجیدہ ہے اور اگر وفاق صوبے میں امن چاہتا ہے تو ان کے پیش کردہ 100 دنوں کے ایکشن پلان پر فوری عمل درآمد کرے، دہشت گردی کی اس لہر میں جو بھی اہلکار یا شہری شہید ہوگا، اسے مکمل اور جامع شہداء پیکج دیا جائے گا۔
