زیارت کے علاقے ‘فیلہ’ میں صنوبر کے نایاب جنگلات میں چار روز سے لگی آگ، ہزاروں قیمتی درخت جل کر راکھ، حکومت اور متعلقہ محکموں کی جانب سے آگ بجھانے کے مؤثر اقدامات نہ ہونا انتہائی تشویشناک ہے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی
دشوار گزار پہاڑی علاقے میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے فوری امدادی کارروائیاں کی جائیں، آتشزدگی کے واقعات کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ

کوئٹہ (ڈیلی قدرت) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں ضلع زیارت کے علاقے فیلہ میں صنوبر کے قیمتی، نایاب اور تاریخی جنگلات میں گزشتہ چار روز سے لگی آگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آگ پر فوری قابو نہ پایا گیا تو اس کے نتیجے میں مزید وسیع علاقے کے قیمتی جنگلات کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع زیارت کی یونین کونسل کچھ کے پہاڑی علاقے فیلہ میں صنوبر کے انتہائی گھنے جنگلات موجود ہیں، جہاں گزشتہ چار روز سے آگ لگی ہوئی ہے اور اب تک ہزاروں نایاب اور قیمتی درخت آگ کی لپیٹ میں آکر جل چکے ہیں۔ اس کے باوجود حکومت اور متعلقہ محکموں کی جانب سے آگ بجھانے اور اسے مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے تاحال مؤثر اور عملی انتظامات سامنے نہیں آئے، جو انتہائی تشویشناک امر ہے۔ خشک موسم اور تیز ہواؤں کے باعث آگ مزید وسیع علاقے میں پھیلنے کا شدید خدشہ ہے، جس سے صنوبر کے نایاب جنگلات کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے کہا ہے کہ فیلہ کے علاقے میں صنوبر کے جنگلات صوبے کے قدرتی ماحول، حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی توازن کے لیے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔ یہ نایاب جنگلات نہ صرف زیارت کی قدرتی خوبصورتی اور شناخت کا حصہ ہیں بلکہ ان کا ماحولیاتی کردار بھی انتہائی اہم ہے۔ ان جنگلات کو پہنچنے والا نقصان صرف درختوں کے ضائع ہونے تک محدود نہیں رہتا بلکہ اس کے اثرات آنے والی کئی نسلوں تک ماحول، جنگلی حیات، زمین اور مقامی آبادی پر مرتب ہوتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آگ پر بروقت قابو نہ پانے اور متعلقہ اداروں کی جانب سے فوری اقدامات نہ کیے جانے کے باعث صورتحال مزید سنگین ہوسکتی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ ہنگامی بنیادوں پر تمام دستیاب وسائل، فائر فائٹنگ عملہ، گاڑیاں اور ضروری آلات متاثرہ علاقے میں پہنچائے جائیں، جبکہ دشوار گزار پہاڑی علاقے میں آگ بجھانے کے لیے ہیلی کاپٹر کی فوری مدد حاصل کی جائے تاکہ آگ پر مکمل قابو پایا جاسکے اور مزید قیمتی جنگلات کو تباہی سے بچایا جاسکے۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے کہا کہ ماضی میں بھی زیارت، شینغر، کوہِ سلیمان اور دیگر علاقوں میں قیمتی و نایاب جنگلات آتشزدگی کے واقعات سے متاثر ہوئے ہیں۔ مسلسل ایسے واقعات کا رونما ہونا ایک سنجیدہ معاملہ ہے، جس کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات ضروری ہیں۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جائے، اس کے ذمہ دار عناصر کا سراغ لگایا جائے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر نظام وضع کیا جائے۔
پارٹی نے کہا کہ قدرتی جنگلات قومی اور عوامی اثاثہ ہیں اور ان کے تحفظ کی ذمہ داری صرف محکمہ جنگلات تک محدود نہیں بلکہ صوبائی حکومت، ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیوں کی نگرانی کے لیے فوری طور پر مؤثر نظام قائم کرے اور آگ مکمل طور پر بجھانے تک تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے۔
بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ فیلہ کے صنوبر کے جنگلات میں گزشتہ چار روز سے لگی آگ پر فوری قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، ہیلی کاپٹر کی مدد سے آگ بجھانے کا فوری انتظام کیا جائے، متاثرہ علاقے کا مکمل جائزہ لیا جائے، نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے اور آتشزدگی کی وجوہات کے تعین کے لیے شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔ ساتھ ہی زیارت اور دیگر علاقوں کے نایاب جنگلات کے تحفظ کے لیے مستقل بنیادوں پر فائر واچ ٹاورز، تربیت یافتہ عملہ، جدید آلات اور ہنگامی رسپانس کا مؤثر نظام قائم کیا جائے۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے خبردار کیا کہ قیمتی صنوبر کے جنگلات کو غفلت، عدم توجہی اور مؤثر حفاظتی اقدامات کے فقدان کی وجہ سے مزید نقصان پہنچنے کی صورت میں اس کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔ حکومت فوری طور پر عملی اقدامات اٹھا کر زیارت کے قدرتی ورثے کو مزید تباہی سے محفوظ بنائے اور مزید وسیع رقبے کو آگ کی لپیٹ میں آنے سے روکنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے۔
