ریکوڈک منصوبے میں چنعائی کمپنی کا بلوچ ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک ناقابل برداشت ہے: نیشنل پارٹی چاغی
مقامی ملازمین کو چھٹی پر جاتے ہوئے لاوارث چھوڑ دیا جاتا ہے جبکہ دیگر صوبوں کے عملے کو ہوائی سفر کی سہولت میسر ہے

بلوچ ملازمین کو محض مزدور سمجھنے کی پالیسی ختم کی جائے، شکایات کا ازالہ نہ ہوا تو بھرپور احتجاج کیا جائے گا
نوکنڈی(ڈیلی قدرت)نیشنل پارٹی چاغی نے ریکوڈک منصوبے میں کام کرنے والی چنعائی نامی کمپنی کی جانب سے بلوچ ملازمین کے ساتھ مبینہ امتیازی اور ناروا سلوک پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چعنائی کمپنی کی پالیسی میں بلوچ ملازمین کے لیے سختیاں اور پابندیاں جبکہ پنجاب اور سندھ سے آنے والے ملازمین کے لیے خصوصی مراعات اور آسائشیں کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔نیشنل پارٹی نے اپنے سخت اور دوٹوک بیان میں کہا کہ ریکوڈک بلوچستان کی سرزمین اور وسائل سے وابستہ ایک اہم منصوبہ ہے، اس لیے یہاں کام کرنے والے مقامی اور بلوچ ملازمین کے ساتھ دوسرے صوبوں سے آنے والے ملازمین کے مقابلے میں کسی بھی قسم کا امتیازی سلوک ناانصافی اور قابلِ مذمت اقدام ہیانہوں نے کہا کہ بلوچ ملازمین کو چھٹی پر روانگی کے وقت مبینہ طور پر چھ نمبر گیٹ پر لاوارث چھوڑ دیا جاتا ہے، جہاں سے انہیں اپنے آبائی علاقوں تک پہنچنے کے لیے خود مشکلات برداشت کرنا پڑتی ہیں، جبکہ ان کی تنخواہوں سے مبینہ طور پر چھٹی پر جانے کی کٹوتیاں بھی کی جاتی ہیں۔ دوسری جانب باہر سے آنے والے ملازمین کے لیے جہاز کے ذریعے کراچی اور پھر کراچی سے ان کے آبائی علاقوں تک سفری سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ جو ایک ہی ادارے میں کام کرنے والے ملازمین کے درمیان واضح اور ناقابلِ جواز تفریق ہیبیان میں کہا گیاکہ مقامی بلوچ ملازمین کو کمپنی میں صرف مزدور سمجھنے کی پالیسی اب مزید برداشت نہیں کی جائے گی۔ جو ملازمین ریکوڈک جیسے مشکل اور دور دراز علاقے میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں، وہ عزت، مساوی حقوق، مناسب سفری سہولیات اور دیگر مراعات کے بھی حقدار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچ ملازمین کی جانب سے RDMC حکام کو بارہا شکایات اور تحفظات سے آگاہ کیا گیا، مگر ان شکایات کو سنجیدگی سے لینے کے بجائے نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ نیشنل پارٹی نے واضح کیا کہ شکایات کو ہوا میں اڑانا مسئلے کا حل نہیں، بلکہ اس سے ملازمین میں بے چینی اور احساسِ محرومی مزید بڑھے گا۔نیشنل پارٹی نے RDMC اور متعلقہ کمپنی کے اعلی حکام سے فوری وضاحت طلب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بلوچ ملازمین کے ساتھ روا رکھے جانے والے مبینہ امتیازی سلوک کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، چھٹیوں کے دوران سفری سہولیات میں یکساں پالیسی نافذ کی جائے، مبینہ تنخواہوں کی کٹوتیوں کا حساب لیا جائے اور اگر کسی ملازم سے ناجائز کٹوتی ہوئی ہے تو اس کی رقم واپس کی جائے۔رہنماں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ریکوڈک بلوچستان میں ہے، یہاں کے وسائل بلوچستان کے ہیں اور یہاں کے مقامی ملازمین کو کسی دوسرے صوبے کے ملازم سے کم تر سمجھنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی کمپنی اور متعلقہ حکام کو یہ تاثر ختم کرنا ہوگا کہ بلوچ ملازمین کے لیے الگ اور دوسرے صوبوں کے ملازمین کے لیے الگ معیار مقرر ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بلوچ ملازمین کی شکایات کا فوری ازالہ نہ کیا گیا اور مبینہ امتیازی پالیسی ختم نہ کی گئی تو نیشنل پارٹی اس معاملے کو خاموشی سے نہیں بیٹھے گی بلکہ اسے متعلقہ حکام، عوامی نمائندوں اور ہر دستیاب قانونی و جمہوری فورم پر بھرپور انداز میں اٹھائے گی۔ رہنماں نے کہا کہ بلوچستان میں روزگار اور ترقی کے نام پر کسی بھی مقامی باشندے کے بنیادی حقوق کو پامال کرنا قابلِ قبول نہیں اور ملازمین کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
