حکومت اور پی ٹی آئی میں پسِ پردہ 7 ملاقاتوں کا دعویٰ

تصادم کی سیاست چھوڑنے پر عمران خان سے ملاقاتوں، ہسپتال منتقلی و دیگر معاملات میں نرمی کی گنجائش پیدا ہوسکتی ہے، بنی گالہ کو سب جیل قرار دے کر بشریٰ بی بی کی منتقلی کا امکان بھی شامل ہے؛ انصار عباسی کی خبر


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سینئر صحافی اور کالم نگار انصار عباسی نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف اور حکومت کے درمیان پسِ پردہ 6 سے 7 اہم ملاقاتیں اور رابطے ہوئے ہیں، جس کے بعد ریاستی و حکومتی حلقوں کی جانب سے تحریکِ انصاف کے لیے ایک باقاعدہ ریڈ لائن کھینچ دی گئی۔
انصار عباسی کے مطابق گزشتہ پانچ سے چھ ہفتوں کے دوران مقتدر حلقوں کے قریب سمجھی جانے والی ایک اہم حکومتی شخصیت اور پی ٹی آئی قیادت کے درمیان متعدد ملاقاتیں ہوئیں، ان رابطوں کا بنیادی مقصد صرف احتجاجی مارچ کی تاریخ یا انتظامی امور نہیں بلکہ آئندہ سیاسی کشمکش کی نوعیت طے کرنا تھا، ان ملاقاتوں سے جو واضح پیغام سامنے آیا ہے وہ یہ ہے کہ ریاستی اداروں میں پی ٹی آئی کی دھرنوں، سڑکیں بند کرنے، اسلام آباد پر چڑھائی اور تصادم پر مبنی سیاست کی برداشت مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔


صحافی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پسِ پردہ مذاکرات میں پی ٹی آئی کو ایک ممکنہ سیاسی فارمولا اور راستہ پیش کیا گیا ہے، اگر پی ٹی آئی تصادم، لاک ڈاؤن اور مارچ کی سیاست سے مکمل اور باضابطہ گریز کا عزم ظاہر کرتی ہے تو بدلے میں عمران خان سے ملاقاتوں کی بحالی، ان کی صحت و علاج اور ہسپتال منتقلی جیسے انسانی معملات میں بڑی نرمی کی گنجائش پیدا کی جا سکتی ہے، بشریٰ بی بی کو بھی بنی گالہ منتقل کرکے اسے سب جیل قرار دینے جیسے سہولت کاری کے اقدامات پر غور کیا جا سکتا ہے بشرطیکہ ان سہولیات کو دوبارہ سیاسی محاذ آرائی کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔
انصار عباسی نے خیبر پختونخواہ کی انتظامی صورتِ حال پر روشنی ڈالتے ہوئے لکھا کہ اس بار پی ٹی آئی کو اپنے ہی صوبے کے اندر وہ عملی سہولت اور پولیس کی معاونت حاصل نہیں ہوسکی جس کی وہ توقع کر رہی تھی بلکہ صوبائی ارکانِ اسمبلی اور وزراء پر بھی شدید دباؤ رہا، 27 ستمبر کے بجائے 4 اکتوبر کو پشاور سے مارچ کی تاریخ بدلنا اصل حل نہیں ہے بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ پی ٹی آئی پرامن پارلیمانی و سیاسی جدوجہد کا راستہ چنتی ہے یا طاقت کے امتحان کے رستے پر چلے گی، اگر پی ٹی آئی کھینچی گئی اس لکیر کو عبور کرکے 9 مئی جیسی صورتِ حال پیدا کرنے کی کوشش کرے گی تو ریاست اس کا سخت ترین جواب دے گی۔

WhatsApp
Get Alert