خیبرپختونخواہ میں گورنر راج کے تمام قانونی تقاضے پورے ہوچکے، امیرمقام

پشاور (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے مسلسل غیر قانونی اقدامات اور ناکامیوں کے باعث صوبے میں گورنر راج کے تمام آئینی و قانونی تقاضے پورے ہو چکے ہیں اور کسی بھی وقت بڑا سیاسی فیصلہ ہوسکتا ہے۔
پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ کے عوام ایک عرصے سے دہشت گردی کا سامنا کر رہے ہیں اور پورا پاکستان دیکھ رہا ہے کہ یہاں کے لوگ کتنی قربانیاں دے رہے ہیں لیکن تحریکِ انصاف کی تبدیلی سرکار نے 13 سالوں میں صرف وزرائے اعلیٰ تبدیل کیے، عوام کی قسمت نہیں بدلی، موجودہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے پاس کوئی تجربہ نہیں، انہیں صرف دو ٹارگٹ دیے گئے، ایک جتنا لوٹ سکتے ہو لوٹو اور دوسرا قیدی کی رہائی، صوبے میں تعلیم، صحت اور بنیادی سہولتیں نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔
امیر مقام نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کے بیانات پر شدید سوالات اٹھتے ہیں، ہمارے سکیورٹی اہلکار جانیں دے رہے ہیں مگر پی ٹی آئی کے جلسوں اور ریلیوں میں دہشت گردی کے واقعات کیوں پیش نہیں آتے؟ سہیل آفریدی کے طرزِ حکومت سے واضح لگتا ہے کہ صوبائی حکومت دہشت گردوں سے مل چکی ہے اور آج پورے صوبے میں ان کا راج قائم ہو چکا ہے، یہ حکومت آئی جی سے ڈی ایس پی تک پولیس کو اپنا ماتحت بنا کر تھانوں کی قیمتیں لگانا چاہتی ہے تاکہ پولیس کا مورال گرا کر اپنے سیاسی مقاصد حاصل کر سکے۔
وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ اس لیے 4 اکتوبر تک ملتوی کیا گیا کیونکہ خفیہ رپورٹس میں بتایا گیا کہ عوام سڑکوں پر نکلنے کے لیے تیار نہیں، جس کے بعد سہیل آفریدی مدد کے لیے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے پاس پہنچ گئے، سہیل آفریدی کا آگے چلنا ناممکن ہو چکا ہے، وہ مزید وزیراعلیٰ نہیں رہ سکتے، یا تو گورنر راج لگے گا یا پھر وہ وزارتِ اعلیٰ سے ہٹنے کے بعد لوٹ مار کے جرم میں سیدھے جیل جائیں گے، وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن میں ہوتے ہوئے بھی میثاقِ معیشت کی بات کی تھی، لیکن ایک سزا یافتہ قیدی اور مجرم کے یک نکاتی ایجنڈے پر کوئی مذاکرات نہیں ہو سکتے۔
